پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ ہمارے 41 ایم این ایز کو خصوصی طور پر ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد یہ کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
اسلام آباد میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد قیصر نے سپریم کورٹ سے اپنے فیصلے کی توہین پر سو موٹو لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اپنے وکلاء سے کہیں گے سپریم کورٹ سے رجوع کریں۔
اسد قیصر نے کہا کہ 5 اگست کو بانی پی ٹی آئی کی قید کو ایک سال مکمل ہوجائے گا۔ پانچ اگست کو پورے ملک میں بڑے مظاہرے کریں گے، کل میٹنگ میں مظاہرے سے متعلق فیصلہ ہوگا۔
پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ کیا یہ ملک اس طرح سے چلے گا؟ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظر ثانی کی جائے۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ جو سیٹ اپ اس وقت چل رہا ہے وہ غیر آئینی ہے، پی ٹی آئی کے پارلیمنٹیرینز سے حکومت بد سلوکیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
عمر ایوب نے کہا کہ ہمارے لوگوں کو لاپتہ کیا جا رہا ہے، شیخ وقاص سمیت تمام ساتھیوں کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں، ہم اس فسطائیت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے آرمی چیف کو پیغام دیا تھا حکومت ہمیں آمنے سامنے کرنا چاہ رہی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ فوری الیکشن ہی ان تمام مسائل کا حل ہے، کل ہم اگلے لائحہ عمل پر اجلاس کریں گے، ہم ڈی چوک پر دھرنے اور دیگر امور پر کل فیصلے لیں گے۔