سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں 3 مختلف آپریشنز کے دوران 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ اس دوران پولیس کا ایک سپاہی بھی شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف آپریشنز 28 اور 29 جولائی کو کیے گئے۔
سیکیورٹی فورسز نے مہمند میں انٹیلی جنس بیسڈ مشترکہ آپریشن کیا۔ اس دوران فتنہ الخوارج کے دہشتگرد قاری سمیت 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
مہمند میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کر دیا گیا۔ اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کا ذخیرہ برآمد کر لیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران خیبر پختونخوا پولیس کا اہلکار ابرار حسین شہید ہوا۔
دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر ڈیرہ اسماعیل خان میں کارروائی کی۔ اس دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔
آپریشن میں فتنہ الخوارج کا دہشتگرد صفت اللّٰہ عرف ملا منصور ہلاک ہوگیا جبکہ 3 دہشت گرد زخمی ہوئے۔
دہشت گرد صفت اللّٰہ 12 دسمبر 2023 کو درابن میں خودکش بم حملے کی سہولت کاری میں ملوث تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشتگرد صفت اللّٰہ علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے تیسری کارروائی شمالی وزیرستان میں کی، جہاں فتنہ الخوارج کے ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز امن و استحکام کےلیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہیں۔ بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔