• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بحیرہ احمر میں امریکی ایف18 طیارہ حوثی حملے کے نتیجے میں تباہ ہوا، حوثیوں کا دعویٰ

یمنی کے حوثیوں کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ گزشتہ شب بحیرہ احمر میں تباہ ہونے والا امریکی ایف 18 طیارہ حوثی حملے کے نتیجے میں تباہ ہوا۔

عرب میڈیا کے مطابق یمنی افواج کے ترجمان یحییٰ سریع نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ یمنی افواج نے گزشتہ رات یمن پر امریکی و برطانوی حملہ ناکام بنایا۔

حوثی ترجمان یحییٰ سریع  کا کہنا ہے کہ حوثی فورسز نے 8 کروز میزائلوں اور 17 ڈرونز کے ذریعے جوابی کارروائی کی جس سے دیگر طیاروں کو یمنی فضائی حدود چھوڑنے پر مجبور کردیا گیا۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی طیارہ بردار بحری جہاز، یو ایس ایس ہیری ٹرومین، کو حملے کے بعد شمالی بحیرہ احمر کی جانب پیچھے ہٹنا پڑا۔

 دوسری جانب امریکی افواج نے اس واقعے کو ’فرینڈلی فائر‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں دو امریکی بحریہ کے پائلٹ زخمی ہوئے، تاہم دونوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔

امریکی فوج نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے صنعا میں حوثی اہداف کو نشانہ بنایا، جن میں میزائل ذخیرہ گاہ اور ایک ’کمانڈ اینڈ کنٹرول‘ مرکز شامل تھا۔

قومی خبریں سے مزید