• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپکو دنیا میں فوج کے بغیر ریاستیں مل جائیں گی مگر وزارت خارجہ کے بغیر نہیں، سیکریٹری خارجہ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

سیکریٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے کہا ہے کہ آپ کو دنیا میں فوج کے بغیر ریاستیں مل جائیں گی مگر وزارت خارجہ کے بغیر نہیں۔

اسلام آباد میں حنا ربانی کھر کی سربراہی میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا اجلاس ہوا جس میں حنا ربانی کھر نے کہا کہ ہمارے پاس موقع ہے کہ ہم اس کمیٹی کو مؤثر بنائیں۔

اجلاس میں سیکریٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے کمیٹی کو بریفنگ دی کہ ہم قائمہ کمیٹی خارجہ کی رہنمائی کو اہمیت دیتے ہیں، وزارت خارجہ کسی بھی ریاست کا اہم ترین ادارہ ہے۔

سائرس سجاد قاضی نے کہا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ ایرانی صدر کا عہدہ سنبھالنے کی تقریب میں شریک تھے کہ اس موقع پر ایک واقعہ رونما ہوگیا۔

سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ وزارت خارجہ کا بجٹ 49 ارب روپے ہے جو قومی بجٹ کا 0.026 فیصد ہے، 48 فیصد ہیڈکوارٹرز کے لیے اور 49 فیصد فارن مشنز کے لیے ہے، جو 48 فیصد ہیڈکوارٹر کو ملتا ہے اس میں سربراہانِ مملکت کے بیرونی دورے بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزارت خارجہ ہمارے سے 14 گنا زیادہ بجٹ کی حامل ہے، بنگلادیش کا اور پاکستانی وزارت خارجہ کا بجٹ کم و بیش برابر ہے، بنگلادیش کے بیرون ممالک 80 اور ہمارے 120 فارن مشنز ہیں۔

سائرس سجاد قاضی نے کہا کہ دنیا میں کوئی وزارت خارجہ پیسے نہیں بناتی، ویزا فیس پاکستان کی وزارت داخلہ لگاتی ہے جس پر کٹ ہمیں ملتا ہے، حال ہی میں ہم نے دنیا کے تمام ممالک کی ویزا فیس ختم کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد یہ ہے کہ دنیا میں پاکستان کی سیاحت کو فروغ ملے، ہمیں جو کٹ ملتا ہے اس میں 10 فیصد عمارتوں کی دیکھ بھال اور باقی10 فیصد کمیونٹی ویلفیئر پر خرچ کرتے ہیں۔

سائرس سجاد قاضی نے مزید کہا کہ ہم دستیاب وسائل میں کمیونٹی کی ہر ممکن خدمت کرتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید