• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انڈس موٹر نے ٹویوٹا سے وابستہ دیگر کمپنیوں کو گاڑیوں کی برآمد شروع کر دی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)انڈس موٹر نے ٹویوٹا سے وابستہ دیگر کمپنیوں کو گاڑیوں کی برآمد شروع کر دی،وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے،میک ان پاکستان،ٹویوٹا گاڑیوں کی برآمد کا افتتاح کیا ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے بدھ کو پورٹ قاسم انڈسٹریل اسٹیٹ کراچی میں ٹویوٹا انڈس موٹر کمپنی لمیٹڈ (آئی ایم سی)کا دورہ کیا۔ سیکرٹری وزارت صنعت و پیداوار سیف انجم، سی ای او ای ڈی بی خدا بخش بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ایگزیکٹیو وائس پریذیڈنٹ ٹویوٹا موٹر ایشیا مسٹر کازوناری اگوچی، سی ای او آئی ایم سی اصغر علی جمالی اور آئی ایم سی ٹویوٹا کے دیگر سینئر افسران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے آئی ایم سی ٹویوٹا کو گاڑیاں برآمد کرکے سنگ میل حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے64 فیصد تک آپریشنز کی لوکلائزیشن کے لیے آئی ایم سی انتظامیہ کی تعریف کی جو پاکستان حکومت کے جدت اور خود انحصاری کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔ وفاقی وزیر نے 700ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری اور 76000 یونٹس تیار کرکے قومی ترقی میں ٹویوٹا کے کردار کو بھی تسلیم کیا اس کے علاوہ کمپنی قومی خزانے میں 258 بلین کا حصہ ڈالتی ہے ۔ وفاقی وزیر نے کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اثرات کو کم کرنے اور ہائبرڈ گاڑیاں تیار کرکے ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے کمپنی کے فعال انداز کو بھی اجاگر کیا ایگزیکٹو نائب صدر ٹویوٹا موٹر ایشیا کازوناری ایگوچی نے کہا کہ آئی ایم سی کے ساتھ شراکت داری وقت کے ساتھ ساتھ بنائی گئی ہے اور بہت زیادہ نتیجہ خیز ہے، ٹویوٹا میں ہم کہتے ہیں کہ ہم کاریں بنانے سے پہلے لوگوں کو بناتے ہیں اور یہ قدم اس بات کا ثبوت ہے۔
اہم خبریں سے مزید