پاکستانی معروف اداکارہ و ماڈل سبینا فاروق نے نامور اسکرین رائٹر و ہدایتکار خلیل الرحمٰن قمر کی بیٹی پر ہونے والی ٹرولنگ کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔
واضح رہے کہ اپنے متنازع بیانات کے سبب شہرت رکھنے والے ہدایتکار خلیل الرحمٰن قمر کو گزشتہ ہفتے اغواء کر لیا گیا تھا۔
خلیل الرحمٰن قمر کی بازیابی اور ان کے اغواکاروں کی گرفتاری کے بعد سے ہدایتکار کی نامناسب ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔
ان وائرل ویڈیوز کی بنیاد پر خلیل الرحمٰن قمر کی بیٹی حجاب خلیل کو سوشل میڈیا پر سخت تنقید اور ٹرولنگ کا سامنا ہے۔
اداکارہ سبینا فاروق نے اب حجاب خلیل پر ہونے والی ٹرولنگ کے خلاف انسٹاگرام پر آواز اٹھائی ہے۔
سبینا فاروقی نے حجاب خلیل کے حق میں لکھی گئی انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ ’ہم روزانہ کی بنیاد پر خود سے ایک دوسرے سو سوال کرتے ہیں کہ انسانیت نہیں بچی کیا؟ خلیل الرحمٰن قمر کی بیٹی کا اپنے والد کے اعمال سے کیا لینا دینا ہے، اُسے کیوں بُلی (ستا) کر رہے ہیں، کیا دوسروں کی تکلیف کو انجوائے کرنے کا مزہ آتا ہے۔‘
سبینا فاروق نے مزید لکھا ہے کہ ’براہِ مہربانی بچوں کے اعمال کو ماں باپ اور ماں باپ کے اعمال کو بچوں کی عزت اور بے عزتی نہ بنائیں۔‘