سپریم کورٹ آف پاکستان نے طویل عرصے بعد شریعت ایپلٹ بینچ تشکیل دے دیا۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ بینچ کے سربراہ ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں شریعت ایپلٹ بینچ تشکیل دینے کی منظوری دے دی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 5 رکنی شریعت ایپلٹ بینچ میں جسٹس نعیم اختر افغان، جسٹس شاہد بلال حسن شامل ہیں جبکہ ڈاکٹر خالد مسعود اور ڈاکٹر قبلہ ایاز بطور عالم جج شریعت ایپلٹ بینچ میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں فیڈرل شریعت کورٹ کے فیصلوں کے خلاف متعدد اپیلیں زیر التوا ہیں۔ سودی نظام کے خلاف فیڈرل شریعت کورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل بھی سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ چیف جسٹس کی سربراہی میں لارجر ایپلٹ بینچ 5 اگست سے اپیلوں کی سماعت کرے گا۔