وزیراعظم شہباز شریف نے یوم شہدائے پولیس کے موقع پر پولیس کے شہید افسران اور اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم شہدائے پولیس، بہادر پولیس افسران، اہلکاروں کی جرات اور بہادری کو یاد کرنے کا دن ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ جرائم کی سرکوبی میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکاروں کی قربانیاں لازوال ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس نے ہمیشہ بطور ہراول دستہ ذمہ داریاں نبھائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر قوم کا مستقبل محفوظ اور روشن بنایا، شہداء پولیس قوم کا فخر ہیں اور پوری قوم شہید پولیس اہلکاروں کو سلام پیش کرتی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ شہید افسران اور اہلکاروں کے خاندانوں کا خیال رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے، وفاقی حکومت شہداء کے بچوں کی تعلیم و صحت کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی اور شہداء کے خاندانوں کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ پنجاب اپنے دور میں شہداء پولیس کے خاندانوں کے لیے تاریخی پیکج دیا تھا۔