• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصنوعی ذہانت پر عالمی قوانین نہ بنانا بہت بڑا خطرہ ہے: کینیڈین وزیرِاعظم

کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی — فائل فوٹو
کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی — فائل فوٹو 

کینیڈا کے وزیرِاعظم مارک کارنی نے مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے اثرات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس ٹیکنالوجی کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ قوانین اور نگرانی کا نظام نہ ہونا دنیا کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مارک کارنی نے چین کے شہر شینزن میں ایشیاء پیسیفک اکنامک کوآپریشن اجلاس کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے حوالے سے عالمی نگرانی کا فقدان ایک بہت بڑا خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ خطرہ صرف معاشی نقصان تک محدود نہیں بلکہ اس میں حیاتیاتی ہتھیاروں کے ممکنہ استعمال، جمہوری نظام کو نقصان پہنچانے اور انسانی وقار متاثر ہونے جیسے خدشات بھی شامل ہیں۔

کینیڈا کے وزیرِاعظم نے کہا ہے کہ دنیا کی بڑی اے آئی لیبارٹریز چلانے والے افراد بھی اپنی ہی صنعت سے وابستہ خطرات کے بارے میں خبردار کر رہے ہیں، جو ایک غیر معمولی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات میں بھی مصنوعی ذہانت کے لیے عالمی نگرانی کا نظام تشکیل دینے کے معاملے پر تبادلۂ خیال کیا ہے۔

مارک کارنی نے کہا کہ عالمی تعاون کے تحت کم از کم ایسا نظام ضرور ہونا چاہیے جس کے ذریعے اے آئی سے متعلق خطرناک واقعات کی نگرانی کی جا سکے اور مختلف ممالک اپنے تجربات اور ان سے نمٹنے کے طریقے ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کر سکیں۔

مارک کارنی کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے فوائد سے انکار نہیں کیا جا سکتا، لیکن اس کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ خطرات سے نمٹنے کے لیے بھی مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کسی ایک ملک کے لیے تنہا ان خطرات کا مقابلہ کرنا کافی نہیں ہو گا، بلکہ عالمی برادری کو مل کر نگرانی، معلومات کے تبادلے اور ہنگامی ردِعمل کا مشترکہ نظام تیار کرنا ہو گا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید
سائنس و ٹیکنالوجی سے مزید