آسٹریلوی رکنِ پارلیمنٹ جورڈن لین نے پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران اپنی گرل فرینڈ کو شادی کی پیشکش کر کے سب کو حیران کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی ریاست نیو ساؤتھ ویلز کی پارلیمنٹ میں لبرل پارٹی کے رکن نے چند ہفتے قبل سیاست سے کنارہ کشی کے اعلان کیا تھا۔
جمعرات کو مذکورہ رکنِ پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ میں اپنے الوداعی خطاب کے دوران عوامی گیلری میں موجود اپنی 10 سال سے زائد عرصے کی ساتھی نیتھلی سے مخاطب ہو کر ایک آخری سوال پوچھ لیا۔
اس رومانوی لمحے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایوان کی مرکزی میز کے قریب کھڑے ہو کر جورڈن لین نے کہا کہ اسپیکر صاحب! رکنِ پارلیمنٹ برائے رائیڈ کی حیثیت سے میرا آخری سوال میری زندگی کی سب سے بڑی محبت نیتھلی کے لیے ہے۔
یہ کہتے ہوئے جورڈن لین کے چہرے پر مسکراہٹ تھی اور پورے ایوان میں حیرت و مسرت کے اظہار میں لوگوں کی آوازیں گونجنے لگیں۔
اسی دوران انہوں نے منگنی کی انگوٹھی نکالی اور نیتھلی سے پوچھا کیا تم مجھ سے شادی کرو گی؟
ان کی اس پیشکش پر ایوان تالیوں اور خوشی کے نعروں سے گونج اٹھا، جورڈن لین نیتھلی کے پاس گئے اور ان کی انگلی میں انگوٹھی پہنا دی۔
بعد ازاں انہوں نے کہا کہ میں چاہوں گا کہ ہینسارڈ (پارلیمانی کارروائی کے سرکاری ریکارڈ) میں یہ بات درج کی جائے کہ نیتھلی نے ’ہاں‘ کر دی ہے۔
اس پر نیو ساؤتھ ویلز کی قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر گریگ پائپر نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ 58 ویں پارلیمنٹ کو ’محبت کی پارلیمنٹ‘ کے نام سے یاد رکھا جائے گا۔
یہ خوبصورت لمحہ جورڈن لین کی جانب سے اپنے عہدے سے دستبردار ہونے کے اعلان کے 1 ماہ سے بھی کم عرصے بعد سامنے آیا ہے۔