کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ایس بی کے ٹیچنگ اسٹاف ٹیسٹ کے امیدواروں نے کہا ہے کہ ایس بی کے یونیورسٹی کے زیر اہتمام ایجوکشن ڈیپارٹمنٹ میں بھرتیوں کے نتائج کا اعلان اور تعیناتیوں کی بجائے صوبائی حکومت کی جانب سے پی آر سی کے نام سے کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ ناقابل قبول ہے، اس فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے۔یہ بات ایس بی کے ٹیچنگ اسٹاف ٹیسٹ کے امیدواروں فاروق شاہ، محمد اکرم، عمر ناصر، جمال شاہ و دیگر نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ایس بی کے یونیورسٹی کے زیر اہتمام ایجوکشن ڈیپارٹمنٹ میں گریڈ نو سے پندرہ تک کی نو ہزارسے زائد خالی اسامیاں اخبارات میں مشتہر کی گئیں اور پھر ہر ضلع میں ٹیسٹ کا انعقاد ہوا رزلٹ آنے سے پہلے ہائی کورٹ نے ان اسامیوں پر اسٹے آرڈر جاری کردیا بعد میں اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا اور سپریم کورٹ نے حکم جاری کیا کہ جلد تمام امور طے کرکے رزلٹ جاری کیا اور تعیناتیاں عمل میں لائی جائیں لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ صوبائی حکومت نے گریڈ 20 اور 21 کے افسران پر مشتمل پی آر سی کے نام سے کمیٹی بنائی ہے کہ وہ پاس امیدواروں سے انٹرویو لے گی جو سپریم کورٹ کے فیصلے اور 2019 کی ایجوکیشن پالیسی سے متصادم اور ہم شارٹ لسٹڈ امیدواروں کو بالکل قابل قبول نہیں، اس کے علاوہ اشتہار کی شرط نمبر 5 کے مطابق بلوچستان گورنمنٹ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے دیگر قوانین پالیسی اور نوٹیفکیشن متصادم ہوں تو اس ریکروٹمنٹ پر قابل عمل نہیں ہوں گے اب تک انٹرویو اور کنٹریکٹ دونوں 2019ء کی پالیسی کے خلاف ہیں صوبائی حکومت کے اس فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے۔