• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداکارہ حنا چوہدری نے جَلد شادی کرنے کی وجہ بتادی


پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی اداکارہ حنا چوہدری نے کریئر کے آغاز ہی میں شادی کے فیصلے سے متعلق بات کی ہے۔

اداکارہ حنا چوہدری نے حال ہی میں ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر انٹرویو دیا ہے۔

حنا چوہدری نے کریئر کے آغاز میں آنے والی مشکلات، بعد ازاں پروجیکٹس ملنے، مشہور ہونے کے فوراً بعد شادی کرنے کے فیصلے پر بات کی ہے۔

اداکارہ حنا چوہدری نے انٹرویو کے دوران بتایا کہ میری اور علی کی ملاقات یونیورسٹی میں ہوئی تھی، علی یونیورسٹی کی انتظامیہ کا حصہ تھے، میں اپنے شوہر کو یونیورسٹی کے دور میں سر کہہ کر پکارتی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب میں نے انڈسٹری میں قدم رکھا تو میرے اپنے شوہر (اُس وقت کے منگیتر) کے ساتھ اچھے تعلقات اور دوستی تھی، ہماری منگنی بھی ہو چکی تھی، کیریئر کے آغاز میں ہی لوگوں کے طعنوں سے بچنے کے لیے شادی کرلی تھی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ لوگوں نے میرے منگیتر کو کہنا شروع کردیا تھا کہ میں شوبز میں جا کر بدل جاؤں گی اور شادی سے متعلق سوچنے کے بجائے کریئر کو ترجیح دوں گی۔

حنا چوہدری نے انٹرویو کے دوران انکشاف کیا کہ میرے اور شوہر کے خاندان کے درمیان پہلے ہی سے تعلقات اور جان پہچان تھی، اسی لیے شادی میں کوئی رکاوٹ کا مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا تھا۔

حنا چوہدری نے بتایا کہ شادی کے بعد میں اپنا کیریئر بنانے کے لیے لاہور سے کراچی آ گئی تھی، یہاں پروجیکٹس ملنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا، مگر پھر ایک پروجیکٹ میں کاسٹنگ کے بعد یکے بعد دیگرے کرداروں کی آفرز ہونے لگیں۔

اداکارہ نے انٹرویو کے دوران انکشاف کیا کہ میں نے حمل کے آٹھویں ماہ تک اپنا کام جاری رکھا تھا، حمل کے دوران بھی مجھے کرداروں کی آفرز کی جا رہی تھیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ مجھے خوف تھا کہ شادی کے بعد میرا کیریئر ختم ہوجائے گا اور شادی شدہ ہونے کی وجہ سے مجھے کوئی کاسٹ بھی نہیں کرے گا، کیوں کہ پاکستان میں غیر شادی شدہ لڑکیوں کو زیادہ مواقع فراہم کیے جاتے ہیں، مگر میرے ساتھ ایسا نہیں ہوا، بیٹی کے پیدائش کے بعد انڈسٹری میں مزید کام ملنے لگا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید