بھارت کے مشہور اداکار ابھیشیک بچن نے اپنی پہلی فلم کے دوران کرینہ کپور کے ساتھ پیش آئے واقعے کا تذکرہ کیا اور کہا کہ انہوں نے انکی زندگی کو برباد کر کے رکھ دیا تھا۔
دراصل ابھیشیک بچن کا سیمی گریوال کے شو کا ایک پرانا کلپ پھر سے وائرل ہوگیا ہے، جس میں انہوں نے اپنی اور کرینہ کپور کی ڈیبیو فلم ریفیوجی کی شوٹنگ کے سیٹ پر پہلی مرتبہ کرینہ کپور کے ساتھ رومانوی منظر کو یاد کیا۔
واضح رہے کہ جے پی دتہ کی ہدایت میں بننے والی یہ رومانوی ڈرامہ فلم بہت کامیاب رہی۔ تاہم فلم کی شوٹنگ اتنی آسان نہ تھی جتنی کہ دیکھنے میں لگتی ہے۔
سیمی گریوال کے ساتھ شو میں گفتگو کرتے ہوئے ابھیشیک بچن نے کرینہ کپور کی تعریف کی لیکن ساتھ میں یہ بھی کہہ دیا کہ میں تمہیں کبھی معاف نہیں کروں گا کیونکہ مجھے یاد ہے کہ تم نے پہلی بار کہا تھا کہ ’اے بی، یہ ہمارا پہلا رومانوی منظر ہے اور میں تم سے محبت کیسے کر سکتی ہوں؟ تم تو میرے بھائی جیسے ہو۔‘
کرینہ اور ابھیشیک کا ایک خاص رشتہ تھا کیونکہ کرینہ کی بہن، کرشمہ کپور، ابھیشیک سے شادی کرنے والی تھیں۔ تاہم کرشمہ اور ابھیشیک کے درمیان علیحدگی کے بعد ان کا رشتہ بدل گیا۔
کرینہ نے بعد میں ایک انٹرویو میں کہا تھا ’میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ ابھیشیک وہ پہلے اداکار ہیں جن کے ساتھ میں نے اپنا پہلا شاٹ دیا۔ میرے لیے ان کی ایک خاص اہمیت ہے جسے کوئی اور اداکار یا شخص نہیں لے سکتا۔‘
کرینہ نے مزید کہا کہ اگر ابھیشیک ان کے ساتھ کام کرنے سے انکار کرتے ہیں تو وہ ان کے فیصلے کو سمجھتی ہیں اور لوگوں کو اس کا احترام کرنا چاہیے۔
دوسری طرف، کرشمہ کپور نے 2003 میں سنجے کپور سے شادی کی تھی، لیکن ان کا رشتہ 2014 میں طلاق پر ختم ہوا۔ ابھیشیک بچن نے 2007 میں ایشوریا رائے سے شادی کی اور ان کی ایک بیٹی ہے جس کا نام آرادھیا بچن ہے۔