پاکستان نے ملک میں موجود افغان مہاجرین کی واپسی کےلیے امریکا سے تعاون مانگ لیا۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام سے پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر افغان مہاجرین کی بہبود، بحالی اور دو طرفہ تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر امیر مقام نے پاکستان کے ساتھ امریکا کے دیرینہ تعاون پر اظہار تشکر کیا۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ 2001 سے پاکستان میں دہشت گردی کی وجہ سے 70 ہزار سے زائد جانیں ضائع ہوئیں۔ پاکستان کا 150 ارب ڈالر سے زیادہ کا معاشی نقصان ہوا۔ عالمی برادری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کرے۔
وفاقی وزیر امیر مقام نے افغان مہاجرین کی واپسی میں امریکا اور دیگر عالمی شراکت داروں کی مدد کی ضرورت پر زور دیا۔
اعلامیہ کے مطابق امیر مقام نے میزبان کمیونٹیز کےلیے امریکی امداد میں اضافے اور مہاجرین کی واپسی کےلیے افغانستان میں سازگار حالات پیدا کرنے کی کوششوں پر زور دیا۔
اعلامیہ کے مطابق امریکی سفیر نے پاکستان کی اقتصادی ترقی بالخصوص ٹیکسٹائل برآمدات بہتر بنانے میں تعاون کے امریکی عزم کا اعادہ کیا۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے افغان شہریوں کی میزبانی کی حمایت میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں دونوں فریقین کی جانب سے جاری تعاون کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ڈونلڈ بلوم نے پاکستان بالخصوص خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے شدید اثرات کا اعتراف کیا۔
اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر امیر مقام نے تعاون میں اضافے اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔