آلو بخارا، موسمِ گرما کا معروف پھل ہے۔ اس کا نباتاتی نام Prunus Domestica linn ہے اور اِسے عربی میں احاس، فارسی میں آلو بخارا، ہندی میں آلوچہ اور انگریزی میں Plum کہا جاتا ہے۔ اِس کا پودا عام طور پر 5سے 6 میٹر 16) سے 20فٹ) طویل ہوتا ہے، جب کہ بعض اوقات اس کی لمبائی 12میٹر یعنی 39 فٹ تک بھی ہوتی ہے۔
عموماً آلو بخارے کا پھل درمیانے سائز کا ہوتا ہے، جس کا قطر 2.77 سینٹی میٹر تک ہوتا ہے۔ اِس کا چھلکا موٹا اور سخت ہوتا ہے اور اِسے آڑو اور چیری کے درمیان کا پھل کہا جاتا ہے۔ چوں کہ آلو بخارے کے درمیان پتّھر کی مانند سخت، ایک بڑا بیج پایا جاتا ہے، اس لیے اسے ’’پتّھر کا پھل‘‘ بھی کہتے ہیں۔ اِس کی رنگت جامنی، پیلی نارنجی اور سُرخ ہوتی ہے۔
یہ خوش ذائقہ، کھٹّا میٹھا اور رسیلا ہونے کے ساتھ زُود ہضم بھی ہے۔ آلو بخارے کی 200 سے زائد اقسام ہیں، لیکن اس کی مشہور اقسام میںProune Plum، Damsons Plum ،Japanese Plum ،Victoria Plum، Green gages Plum Mirabells Plum ,Plum اور Myrobalan Plum شامل ہیں۔ آلو بخارے کی سب سے زیادہ پیداوار چین، رومانیہ، سربیا، چلّی، ایران اور ریاست ہائے متّحدہ امریکا میں ہوتی ہے۔ 2019ء کے اعداد و شمار کے مطابق اس کی سالانہ پیداوار 12.6میٹرک ٹن تھی، جس میں چین کا حصّہ 56فی صد تھا۔
عام طور پر100گرام آلو بخارے میں جو غذائی اجزا پائے جاتے ہیں، وہ کچھ اس طرح ہیں۔ پانی 87 گرام، کیلوریز 46، کاربوہائیڈریٹس 11.42گرام، شوگر 9.92 گرام، چکنائی0.28 گرام، ڈائٹری فائبر 1.4 گرام، پروٹین 0.7 گرام، وٹامن اے 17 مائکرو گرام، بِیٹا کیروٹین 190 مائکرو گرام، تھایا مین بی ون 0.028 ملی گرام، رائبو فلیون 0.026 ملی گرام، پینٹوتھینک ایسڈبی فائیو 0.135 ملی گرام، وٹامن بی سکس 0.029 ملی گرام، وٹامن سی 9.5 ملی گرام، وٹامن کے 6.4 مائکرو گرام، کیلشیم 6 ملی گرام، میگنیشیم 7 ملی گرام، میگنیز 0.052 ملی گرام، فاسفورس 16 ملی گرام، پوٹاشیم 157 ملی گرام اور زنک 0.1ملی گرام۔
ذیل میں آلو بخارے کے کچھ طبّی فوائد پیش کیے جا رہے ہیں۔
1۔ کینسر کے خلاف تحفّظ: آلو بخارے میں سرخی مائل جُزو Athocyanis پایا جاتا ہے، جو ہمارے جسم کو نقصان دہ ریڈیکلز سے بچاتا ہے، جس کے نتیجے میں ہم بریسٹ، معدے اور سانس کی نالی کے کینسر سے محفوظ رہتے ہیں، جب کہ اِس میں وٹامن اے کی موجودگی منہ اور گلے کےسرطان سےمحفوظ رکھتی ہے۔
2۔ وزن میں کمی : موٹاپے کے شکار افراد کو اپنی روزمرّہ خوراک میں آلو بخارے کا استعمال کرنا چاہیے، کیوں کہ اِس کے وزن پر اثرات جاننے کے لیے لیورپول یونی ورسٹی کے محقّقین نے 100 کلو گرام سے زائد وزن کے حامل افراد کو دو گروپس میں تقسیم کیا۔ اُن میں سے ایک گروپ نے تقریباً 12 ہفتوں تک آلو بخارے کا مسلسل استعمال کیا اور اُن کے وزن میں 4.4 پائونڈز تک کمی دیکھی گئی۔
3۔ ہڈیوں کی مضبوطی: طبّی ماہرین کے مطابق آلو بخارے کا بہ کثرت استعمال کرنےوالے افراد کی ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں، کیوں کہ اِس میں کیلشیم، میگنیشیم اورفاسفورس پایا جاتا ہے۔ نیز، باقاعدگی سےآلو بخارا کھانے والے افراد کی ہڈیاں ٹوٹنے کا خطرہ بھی خاصا کم ہوتا ہے۔ خواتین کے لیے بالخصوص سن یاس میں یہ ایک بہترین پھل ہے۔ یاد رہے، آلو بخارے میں فینولک اور فلیوونائڈ کی بھرپور مقدار موجود ہونے کے سبب یہ ہڈیوں کو صحت مند رکھنے میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔
4۔ شوگر کی روک تھام : طبّی ماہرین کے مطابق آلو بخارے میں پائے جانے والے بعض اجزاء شوگر کنٹرول رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
5۔ قبض سے نجات : چوں کہ آلو بخارے میں ڈائٹری فائبر کی بھرپور مقدار پائی جاتی ہے، تو ایک حالیہ تحقیق سے پتا چلا ہے کہ اِس کے باقاعدگی سے استعمال کے سبب قبض سے نجات مل جاتی ہے۔
6۔ یادداشت اور دماغی صحت : یونی ورسٹی آف ہارورڈ ہیلتھ ریسرچ کی تحقیق کے مطابق اینٹی آکسیڈینٹس الزائمرکی نشوونما سُست کردیتے ہیں اور آلو بخارے میں ایسے اینٹی آکسیڈینٹس پائے جاتے ہیں کہ جو یادداشت اور دماغی صحت برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
8۔ نظامِ ہاضمہ کی بہتری : آلو بخارے میں موجود فائبرز اور اینٹی آکسیڈینٹس ہمارے نظامِ ہاضمہ کو فعال اوردُرست رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ میٹابولزم کی شرح بڑھا کر زائد کیلوریز کو جلاتا ہے اور اِس میں موجود سِٹرک ایسڈورزش کے دوران تھکاوٹ اور پٹّھوں کے درد کو دُور کرتا ہے۔
9۔ بڑھاپے کے اثرات میں کمی: آلو بخارے کے استعمال سے بڑھاپے کے آثار بڑی حد تک کم ہوجاتے ہیں، جب کہ اس میں پائے جانے والے اینٹی آکسیڈینٹس قبل ازوقت بڑھاپے سے محفوظ رکھتے ہیں۔ آلو بخارے میں وٹامن سی اور ای کے علاوہ بِیٹا کیروٹین بھی موجود ہوتا ہے، جو فری ریڈیکلز سے محفوظ رکھتا ہے۔ نیز، یہ اجزاء خون کی گردش بڑھانے کے ساتھ سوزش بھی کم کرتے ہیں۔
10۔ جِلد اور بالوں کی صحت: آلو بخارے کے باقاعدہ استعمال سےہمارے جسم میں کولیجن کی پیداوار میں اضافہ ہوتا ہے، جس سے ہماری جِلد اور بال صحت مند رہتے ہیں۔ علاوہ ازیں، آلو بخارا کھانے سے بالوں کی نشوونما بہتر ہوتی ہے، جب کہ اِس میں پایا جانے والا وٹامن سی، سَر کی خُشکی دُور کرتا ہے۔
11۔ دل کی صحت کا ضامن: آلو بخارے میں پایا جانے والا پوٹاشیم دل کی صحت کے لیے انتہائی اہم ہے، جوہائی بلڈپریشر کو کنٹرول کرکے فالج سے بچاتاہے۔ نیز، آلو بخارا کھانے سے کولیسٹرول بھی قابو میں رہتا ہے، جس کے باعث دل کی کارکردگی اچھی رہتی ہے۔
ناقابل اشاعت نگارشات برائے ’’پیارا گھر‘‘ اور ان کے تخلیق کار
غزہ کی ماں، ماں جیسی ہستی کا نعم البدل نہیں (نیلم حمید،کراچی) ماں کی عظمت(شگفتہ بانو، لالا زار، واہ کینٹ)جہیز لعنت تو وٹہ سٹہ کیا، موسم گرما کی تعطیلات،والد پنا ہ ہے (صبا احمد)، درود شریف کی فضیلت(محمد زبیر گوجرہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ) ساس بہو (نرجس مختار، خیرپور میرس)۔