پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور وزیر صنعت و تجارت پنجاب چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی 14 اگست کو مل چکی، بعض لوگ کس حقیقی آزادی کی بات کر رہے ہیں؟
لاہور کے ڈیوس روڈ پر واقع مسلم لیگ ہاؤس پر جشن آزادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں چوہدری شافیع حسین نے پرچم کشائی کی۔
انہوں نے کہا کہ آزاد مملکت کے حصول میں پاکستان مسلم لیگ کا بنیادی کردار ہے، حقیقی آزادی 14 اگست 1947 کو مل چکی۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پوچھتا ہوں کہ بعض لوگ کس حقیقی آزادی کی بات کر رہے ہیں؟ پی ٹی آئی نے اپنے ساڑھے 3 سالہ دور اقتدار میں کرپشن کے سوا کچھ نہیں کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ چوہدری ظہور الہٰی کے بعد چوہدری شجاعت حسین مسلم لیگ کی سیاست کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔
شافع حسین نے یہ بھی کہا کہ ہم نے مل کر چلنے کی بات کی، دوسری جانب سے اپنی اپنی سیاست کی آواز بلند ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اس سال کے آخر تک پنجاب میں سولر پینلز کی مینوفیکچرنگ شروع ہوجائے گی، آسٹرین حکومت کے ساتھ پن بجلی کے چھوٹے منصوبے لگانے کی بات چیت ہو رہی ہے۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہا کہ پنجاب کے مزید 4 شہروں میں سیف سٹی کے منصوبوں پر کام شروع ہوچکا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ بہت سی چینی کمپنیوں نے پنجاب میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔