• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو باہر کے نہیں اندر کے دشمن سے خطرہ ہے، محمود خان اچکزئی

اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان کو باہر کے نہیں اپنے اندر کے دشمن سے خطرہ ہے۔

اسلام آباد میں علامہ راجا ناصر عباس کے ہمراہ پریس کانفرنس میں محمود اچکزئی نے کہا کہ 14 اگست کے حوالے سے کانفرنس بلائی جانی تھی، تمام رہنما مختلف شہروں میں مصروف ہیں اس لیے کانفرنس نہ ہوسکی۔

انہوں نے کہا کہ انسانی زندگی میں سب سے بڑی نعمت آزادی ہے، ہم حق حکمرانی چاہتے ہیں لیکن یہ حق نیچے تک لوگوں کو نہیں دیا گیا۔

اپوزیشن رہنما نے مزید کہا کہ سوال یہ کہ انگریزوں کو نکالنے کی کیوں کوشش کی گئی؟ حکمرانی کا مطلب اگر سڑکیں نالیاں بنانا ہیں تو انگریز بہت اچھا کام کر رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بیرون ملک سے خطرہ نہیں بلکہ اپنے اندر دشمن ہیں، ہمارے اندر ہی لوگ ہیں جو پاکستان کو نوچ رہے ہیں۔

محمود خان اچکزئی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان، آئین اور پارلیمنٹ ہمارے لیے سب سے مقدم ہے۔ سندھ کی جماعتیں تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شامل ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے اندر بھی کرپشن ہوگئی ہے، پارٹیوں میں بھی چندے کے نام پر پیسے دیے جاتے ہیں، پوچھتا ہوں کیا 700 روپے دیہاڑی میں مزدور گھر چلا سکتا ہے؟

اس موقع پر علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ پاکستان اس وقت بھی حقیقی آزادی کے تصور سے محروم ہے، پاکستان میں آئین و قانون کی حکمرانی کےلیے کاوشیں ضروری ہیں۔

قومی خبریں سے مزید