• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قبائلی علاقہ جات کو خیبرپختونخوا میں ضم کیا جائے، فاٹا سیاسی اتحاد

پشاور(جنرل رپورٹر)فاٹا سیاسی اتحاد نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قبائلی علاقہ جات کو خیبر پختونخوا میں ضم کیا جائے،ایف سی آر کو ختم کرکے سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کا دائرہ کار فاٹا تک پھیلایا جائے ۔ پشاور پریس کلب میں سیاسی اتحاد کے صدرا قبال آفریدی‘نائب صدر ملک مصطفیٰ ‘سینئر نائب صدر نثار مہمند‘ جنرل سیکرٹری زرنور آفریدی اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری اعجاز آفریدی نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قبائلیوں کے ساتھ حکومت کی جانب سے ظلم و جبر کا رویہ روا رکھا جارہا ہے،22ویں آئینی ترمیم کے ذریعے فاٹا کو صوبہ خیبر پختونخوا میں ضم کیا جائے،قبائلی عوام کو فوری انصاف کی فراہمی کیلئے عدالتیں قائم کی جائیں اور دوسرے صوبوں کی طرح فاٹا سےتعلق رکھنے والے افراد کو صوبائی اسمبلی میں نمائندگی دی جائےجو حقوق صوبے کے دیگر عوام کو حاصل ہیں وہ حقوق قبائلی عوام کو بھی دیئے جائیں تاکہ ملک مزید مستحکم ہوسکے ۔انہوں نے کہا کہ بدامنی کی وجہ سے قبائلی علاقوں میں سڑکیں‘پانی‘بجلی‘سکول اور دیگر کئی ضروریات زندگی معطل ہوکر رہ گئے ،معمولات زندگی کی بحالی کیلئے حکومت 5 سو ارب روپے پیکج کا اعلان کرے۔ایف سی آر قانون کی وجہ سے فاٹا بفر زون میں تبدیل ہوچکا ہے جہاں مقامی حکومتیں کرپشن میں ملوث ہیں،متاثرین باڑہ نے پشاور پریس کلب کے سامنے 70دنوں سے کیمپ لگائے رکھا ہے تاہم حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی ہے ۔انہوں نے صوبائی اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ قبائلی علاقوں کو خیبر پختونخوا میں ضم کرکے ان کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے ۔
تازہ ترین