• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی گلوکار یویو ہنی سنگھ نے اپنی نئی البم میں پاکستانی گلوکار وہاب بگٹی اور صاحبان کو بھی شامل کر لیا

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز 

بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والے معروف ریپر، گلوکار و موسیقار یو یو ہنی سنگھ نے اپنے آئندہ البم ’گلوری‘ کے لیے پاکستان کے مشہور گلوکار وہاب بگٹی اور صاحبان کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔

یویو ہنی سنگھ کی جانب سے میوزک کے دلدادہ عوام کے لیے اس خوشخبری کا اعلان اور اشتراک کی تصدیق اپنے تصدیق شدہ پیج، انسٹاگرام پر کی گئی ہے۔

ہنی سنگھ کی انسٹاگرام پوسٹ کے مطابق اُن کی آنے والی نئی ’البم‘ میں پاکستان ’کوک اسٹوڈیو‘ سے شہرت حاصل کرنے والے گلوکاروں وہاب بگٹی اور صاحبان کو بھی دیکھا جا سکے گا۔


واضح رہے کہ یو یو ہنی سنگھ کی اس نئی البم ’گلوری‘ میں پاکستانی گلوکاروں سمیت دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے نامور فنکار بھی نظر آئیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یو یو ہنی سنگھ پاکستانی گلوکار وہاب بگٹی اور صاحبان کے ساتھ مل کر ’بیبا‘ اور ’ریپ گاڈ‘ ٹائٹل نامی گانوں میں کام کریں گے۔

یویو سنگھ کی انسٹاگرام پوسٹ کے مطابق بھارتی گلوکار کی البم ’گلوری‘ میں 18 گانے شامل ہیں جسے رواں ماہ 26 اگست کو ریلیز کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ کوک اسٹوڈیو سیزن 14 سے شہرت حاصل کرنے والے بلوچی گلوکار وہاب بگٹی کا تعلق صوبہ بلوچستان کے شہر سبی سے ہے، وہاب بگٹی کو بلوچی گانے ’کنا یاری‘ سے شہرت ملی تھی۔

اسی طرح ’صاحبان‘ کا تعلق صوبہ سندھ کے صحرائی علاقے تھر سے ہے، اس گروپ کو کوک اسٹوڈیو کے سیزن 15 میں، سندھی گانے ’آئی آئی‘ سے شہرت حاصل ہوئی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید