• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی اداکارہ کا زیادتی کے بعد قتل ہونے والی لیڈی ڈاکٹر کے قاتلوں کو سزائے موت دینے کا مطالبہ


ریمی سین: فوٹو فائل
ریمی سین: فوٹو فائل

بھارتی اداکارہ ریمی سین نے کولکتہ کے میڈیکل کالج میں زیادتی کے بعد قتل  کی جانیوالی لیڈی ڈاکٹر کے قاتلوں کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کردیا۔

اداکارہ ریمی سین نے کولکتہ کے آر جی کار میڈیکل کالج میں لیڈی ڈاکٹر سے  زیادتی اور قتل کے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ریمی سین نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث مجرموں کو سخت سے سخت سزا دی جائے، ان کی سزا اتنی سخت ہونی چاہیے کہ دوسرے آئندہ ایسا جرم کرنے سے ڈریں۔

اداکارہ نے کہا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ ڈاکٹر کے قتل اور زیادتی میں جو بھی شخص ملوث ہے، اسے سزائے موت ملنی چاہیے، کیونکہ نرم سزائیں مجرموں کو مزید جرم کرنے کا حوصلہ دیتی ہیں۔

42 سالہ اداکارہ نے کہا کہ وہ بھارت میں دبئی جیسے نظام کے نفاذ کی وکالت کرتی ہیں جہاں زیادتی کے مجرموں کو سزائے موت دی جاتی ہے، بھارت  میں بھی دبئی جیسے قوانین اپنائے جانے چاہئیں۔

واضح رہے کہ 31 سالہ ڈاکٹر (ٹرینی)، مومیتہ ڈیبناتھ  کولکتہ کے آر جی کار میڈیکل کالج اسپتال میں 36 گھنٹوں کی ڈیوٹی کے بعد سیمینار روم میں آرام کرنے کی غرض سے گئی تھی، اگلی صبح اس کی تشدد زدہ لاش ملی تھی۔

پوسٹ گریجویٹ ٹرینی ڈاکٹر کی لاش 9 اگست کو آر جی کار اسپتال کے سیمینار روم سے ملی تھی، جس کے بعد پولیس نے ایک شخص کو اگلے دن گرفتار کرلیا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید