• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاعر: حافظ عبدالغفار حافظ

صفحات: 160، قیمت: 1000روپے

ناشر: بزمِ ارتقائے ادب۔ 16/125، سیکٹر 5-ای، نیو کراچی، کراچی۔

فون نمبر: 2281726 - 0333

حافظ عبدالغفار کم وبیش 50برس سے شاعری کر رہے ہیں اور اُنہوں نے نعت نگاری کو ذریعۂ اظہار بنایا ہے۔ نعتیہ مشاعروں میں کم کم جاتے ہیں، لیکن اُن کے نعتیہ مجموعے تواتر سے منظرِ عام پر آرہے ہیں۔ اُن کے ایک نعتیہ مجموعے’’گہوارۂ بخشش‘‘ کو 2019ء میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے’’سیرت ایوارڈ‘‘ بھی مل چُکا ہے۔، جب کہ دیگر نعتیہ مجموعوں میں ارمغانِ حافظ، نگارِ عقیدت، بہشتِ تضامین، دُر منظوم، ارمغانِ معلّیٰ، نغمۂ مدحِ رسولؐ اور اربعینِ حافظ (منظوم) شامل ہیں۔ 

ہمارے پیشِ نظر اُن کا نواں نعتیہ مجموعہ ہے، جس میں اُنہوں نے مرزا غالب کی زمینوں میں 63 نعتیں شامل کی ہیں۔ حافظ صاحب، عالمِ دین بھی ہیں اور شاید اُنھوں نے یہ عدد نبی کریم ﷺ کی عُمرِ مبارک کی مناسبت سے مقرّر کیا ہے۔اُن کی یہ کاوش بلاشبہ قابلِ تحسین وستائش ہے، لیکن یہ کوئی نیا کام نہیں ہے۔ اِن سے پہلے غالب کی زمینوں میں راغب مُراد آبادی، بشیر حسین ناظم، محمّد طاہر صدیقی اور ایاز صدیقی کے نعتیہ مجموعے منظرِ عام پر آچُکے ہیں۔ 

غزل ہو یا نعت، غالب کی زمینوں میں طبع آزمائی کوئی آسان کام نہیں، لیکن حافظ عبدالغفار نے حق ادا کردیا ہے کہ اُنھوں نے بہت عُمدہ اور قابلِ توجّہ نعتیں تخلیق کی ہیں۔ ڈاکٹر ریاض مجید نے اپنے دیباچے میں لکھا ہے کہ’’نعت کا مطلع نعت کا چہرہ ہوتا ہے، حافظ صاحب نے غالب کے اتباع میں جو نعتیں لکھی ہیں، اُن میں بعض کے مطلعے بڑے ماہرانہ انداز میں لکھے ہیں، اِن میں فنی پختگی کے ساتھ نعتیہ موضوعات اور مضامین کا ذکر بھی بڑی شائستگی سے ہوا ہے۔‘‘نیز، کتاب میں ایک مضمون معروف ومعتبر شاعر، نسیم شیخ کا بھی شامل ہے۔