• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور: علیمہ خان کے دوسرے بیٹے کو بھی حراست میں لیے جانے کی اطلاع

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے دوسرے بیٹے کو بھی لاہور سے حراست میں لیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

ذرائع کے مطابق علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ کو گھر سے کچھ فاصلے سے حراست میں لیے جانے کی اطلاع ہے، شیر شاہ کو جب حراست میں لیا گیا تو وہ والد کے ساتھ عدالت سے واپس آ رہے تھے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق حراست میں لینے والے وہی تھے جہنوں نے کل علیمہ خان کے بڑے بیٹے شاہریز کو پکڑا تھا، گرفتاری کرنے والوں کے ساتھ پولیس بھی موجود تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور پولیس نے علیمہ خان کے بیٹے شاہریز کو گرفتار کیا تھا۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید زیشان رضا نے شاہریز کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ شاہریز کو 9 مئی کے مقدمات میں گرفتار کیا گیا ہے، کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

سید زیشان رضا کا کہنا تھا ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد رعایت کے مستحق نہیں۔

اس سے قبل بانیٔ پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نےبتایا تھا کہ چار مسلح نقاب پوش افراد ان کے بیٹے شاہریز کو گھر سے اغواء کر کے لے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سادہ کپڑوں میں ملبوس چار مسلح افراد کچن کے راستے سے گھر میں داخل ہوئے، ان کا بیٹا اپنی بیوی اور والد کے ساتھ گھر کی بالائی منزل پر تھا، مسلح افراد نے گھر میں ڈرائیور کو بھی ہراساں کیا۔

دوسری جانب رہنما پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے کہا کہ علیمہ خان کی لاہور کی رہائش گاہ پر سادہ لباس افراد حملہ آور ہوئے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید