• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کانٹینٹ کری ایٹر طلحہ احمد کا اکاؤنٹ معطل

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستان کے مقبول ترین کم عمر ڈیجیٹل کانٹینٹ کری ایٹرز میں سے ایک طلحہ احمد کا انسٹاگرام اکاؤنٹ پلیٹ فارم نے مستقل طور پر معطل کردیا ہے۔

سوشل میڈیا پر اپنے منفرد اور فیملی کانٹینٹ سے شہرت پانے والے کانٹینٹ کری ایٹر طلحہ احمد نے بذریعہ فیس بُک اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے معطلی کی خبر دی۔

جیو ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے طلحہ کے بھائی طحہٰ احمد نے بتایا کہ طلحہ احمد کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ان کی کم عمری کے سبب معطل کیا گیا ہے۔ 


انہوں نے بتایا کہ انسٹاگرام کے مطابق طلحہ احمد کی عمر 13 سال سے کم ہے، جس کی بنیاد پر ان کا اکاؤنٹ معطل کیا گیا ہے، جبکہ ان کی عمر اس وقت 16 سال ہے۔

اکاؤنٹ معطل ہونے کے بعد کیا کارروائی کی؟

طحہ نے بتایا کہ جب ان کے بھائی کا اکاؤنٹ معطل ہوا تو انہوں نے انسٹاگرام پر اکاؤنٹ بحالی کے لیے اپیل کی، جس پر پلیٹ فارم کی جانب سے ایک فارم کے ذریعے طلحہ احمد کا شناختی کارڈر یا دیگر دستاویزات طلب کئے گئے جن سے ان کی عمر کی تصدیق کی جاسکے۔ 

طحہٰ نے مزید بتایا کہ طلحہ کا شناختی کارڈ یا ونائل کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے انہوں نے ان کے اسکول کے ڈاکومنٹس آن لائن جمع کردیے ہیں، جس پر ان کی عمر نام اور تصویر موجود ہے لیکن اس کے بعد بھی انسٹاگرام نے اب تک اکاؤنٹ بحال نہیں کیا۔ 

جیو ڈیجیٹل نے طلحہ کے بھائی سے پوچھا کہ ان کے نزدیک اکاؤنٹ اچانک معطل ہونے کی کیا وجوہات ہوسکتی ہیں اور کیا اب طلحہ نئے اکاؤنٹ سے کانٹینٹ کری ائیشن کریں گے یا پھر پرانا اکاؤنٹ فعال ہونے کا انتظار کریں گے؟، جس پر انہوں نے بتایا کہ کچھ سمجھ میں نہیں آرہا کہ اکاؤنٹ رپورٹ کیا گیا ہے، مستقل طور پر بند کردیا گیا ہے یا کیا ہوا ہے۔ جہاں تک کانٹینٹ کری ائیشن کی بات ہے تو ارادہ ہے کہ نئے اکاؤنٹ سے طلحہ جلد سوشل میڈیا پر قدم رکھیں گے۔

دوسری جانب طلحہ احمد کے فیس بک اکاؤنٹ پر ان کے فالوورز اکاؤنٹ معطل ہوجانے پر مختلف تبصرے کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ جہاں تک ویڈیو پہنچنی تھی پہنچ گئی جبکہ ایک صارف کا کہنا ہے کہ طلحہ کی عمر 16 سال ہے تو اکاؤنٹ بین ہونے کی کیا وجہ ہوسکتی ہے؟

خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر لاکھوں کی تعداد میں فالوورز رکھنے والے طلحہ احمد سیاسی، سماجی اور گھریلو موضوعات پر مبنی ویڈیوز کی وجہ سے پسند کیے جاتے ہیں۔ البتہ انہیں یہ امید ہے کہ نئے اکاؤنٹ سے شروعات کرنے کے بعد بھی انہیں پسند کرنے والے دوبارہ ان سے سوشل میڈیا پر رابطہ قائم کرلیں گے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید