بانیٔ پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے اپنے دوسرے بیٹے شاہریز کی حراست پر ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ کل بانیٔ پی ٹی آئی کو ضمانت ملی اور کل میرے بیٹے کو اٹھا لیا گیا، ہم ایسی چیزوں سے ڈرنے والے نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے بیٹے کا فوکس پاکستان کی نمائندگی کرنے میں ہے یا کاروبار میں، آج تک اسے کسی نے یہاں دیکھا بھی نہیں ہو گا۔
علیمہ خان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 27 ماہ میں سیکٹروں لوگوں کے خلاف مقدمات چلائے گئے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ آج پتہ چلا کہ شاہریز بھی اس مقدمے میں مطلوب ہے۔ 6 سے 12 مئی تک شاہریز چترال میں تھے، یہ بدحواسی ہے، سوچی سمجھی سازش ہے۔
سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ 2 سال سے زیادہ ہوگئے آج تک شاہریز خان کا نام کہیں نہیں آیا، شاہریز خان کو غلط طور پر 9 مئی کے مقدمات میں ملوث کیا گیا ہے۔