چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ باتوں سے زیادہ سندھ حکومت کا عمل اور کام بولتا ہے، ایکشن اسپیکس لاؤڈر دین دی ورڈز۔
کراچی کے جناح اسپتال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے بارے میں لوگ کہتے تھے یہ تو کچھ کرتے ہی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ این آی سی وی ڈی، این آئی سی ایچ اور جناح اسپتال بہترین اسپتال ہیں۔ تینوں اسپتال گڈ گورننس اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بہترین مثال ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں عوام کی خدمت کر رہی ہے، سندھ میں عوام کو صحت کی سہولتیں مفت فراہم کی جارہی ہیں، تیسرے سائبر نائف کا آج افتتاح کیا ہے، پورے پاکستان میں ایسا کہیں نہیں ہے، یہ واحد جناح اسپتال کراچی میں ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پوری دنیا میں یہ مہنگا علاج ہے، دنیا میں اس علاج کی قیمت ایک لاکھ ڈالر ہے۔ سائبر نائف ٹیکنالوجی سے جناح اسپتال میں کینسر کا مفت علاج ہو رہا ہے۔ جب سندھ میں عوام کو مفت علاج دیتے ہیں تو ہمیں خوشی ہوتی ہے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ پیٹ اسکین بھی جناح اسپتال میں مفت ہے، ہم صوبے اور ملک کے عوام کو سو فیصد مفت اور معیاری علاج دلوا رہے ہیں۔ سی ٹی اسکین کی سہولت صرف کراچی کے جناح اسپتال میں مفت ہے، دیگر صوبوں میں سی ٹی اسکین کی سہولت مفت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کینسر کے علاج لیے دور دراز سے لوگ یہاں آتے ہیں، ملک کے 167 شہروں سے لوگ جناح اسپتال کراچی میں جے پی ایم سی میں کینسر کے علاج کےلیے آتے ہیں، 15 ممالک سے لوگ یہاں آتے ہیں۔ دنیا کے ادارے بھی ہمارے اسپتال کے لوگوں کو جاننے لگے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ سے کہا کہ اگلی بار جب وزیراعظم آئیں تو انہیں ضرور جناح اسپتال کا دورہ کروائیں۔ وزیراعظم سے کہیں گے کہ پنجاب کی صحت کے شعبے میں مدد کےلیے تیار ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سندھ کی تاجر برادری ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کررہی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ 1993 کے الیکشن میں بینظیر بھٹو شہید نے تعارف کروایا تھا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ادارے چلائیں گے۔