• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دراندازی کی کوشش ناکام، 5 خوارج جہنم واصل، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 جوان شہید

سیکیورٹی فورسز نے دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 18 اور 19 اگست کی درمیانی شب پاک افغان بارڈر پر خوارج کے ایک گروپ کی نقل و حرکت دیکھی گئی۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے خوارج کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا اور فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگرد جہنم واصل کردیے جبکہ 4 زخمی ہوئے۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 بہادر جوانوں نائیک عنایت خان، لانس نائیک عمر حیات اور سپاہی وقار خان شہید ہوئے۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان مستقل افغان حکومت سے کہتا رہا ہے کہ سرحد کے اطراف مؤثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنائے۔ امید ہے عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کی حفاظت کےلیے پُرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید