• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹریٹ کرائم پر کافی حد تک قابو پالیا، کراچی پولیس چیف

کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو(فائل فوٹو)۔
کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو(فائل فوٹو)۔

کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں پر کافی حد تک قابو پالیا ہے۔ 

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ موبائل فون اور گاڑیاں چھیننے کے واقعات میں کمی آئی ہے۔ 

پولیس چیف نے کہا کہ موٹر سائیکل چوری کے واقعات میں بھی کمی آئی ہے۔ پولیس اور رینجرز جرائم کے خاتمے کےلیے روزانہ کی بنیاد پر کام کر رہے ہیں۔ 

جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ پولیس جس طرح جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرگرم ہے، اس طرح انہیں سپورٹ نہیں کیا جا رہا۔ 

ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ رواں سال کے آغاز میں جرائم میں اضافہ ہوا تھا۔ 

جاوید عالم اوڈھو نے کہا پولیس کارروائیوں میں غیر معمولی تیزی آئی ہے۔ مددگار ون فائیو کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اے وی ایل سی کی ٹیم بھی اچھا کام کر رہی ہے۔

کراچی پولیس چیف نے کہا کہ اگست میں 15 ڈاکو مارے گئے جبکہ 111 زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔ 

انہوں نے بتایا کہ اس ماہ 400 سے زائد اسٹریٹ کرمنلز گرفتار کیے ہیں۔ چار بڑے گینگ کا ہم نے قلیل عرصہ میں خاتمہ کیا۔ کورنگی کاز وے اور اطراف میں سرگرم گینگ کا بھی خاتمہ کیا۔

جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ کچھ عرصہ قبل کراچی کے علاقے سائٹ میں ایک کروڑ 35 لاکھ روپے لوٹے گئے اور 2 افراد کو قتل کیا گیا۔ یہ کیس بھی پولیس نے حل کرلیا۔ ایک ملزم مارا گیا دوسرا گرفتار ہے۔

انہوں نے کہا کہ سچل پولیس کے 3 جوان کل ڈاکوؤں سے مقابلے میں زخمی ہوئے، مددگار ون فائیو کی 35 خراب گاڑیوں کو فعال کر رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید