• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئی بی آر ٹی بس بائیو گیس پر چلے گی: شرجیل انعام میمن

سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن---فائل فوٹو
سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن---فائل فوٹو 

صوبائی وزیرِ برائے ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عوام کو سستے داموں سفری سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، بی آر ٹی کی تمام بسیں بائیو گیس پر چلیں گیں، 4 سے 5 دن میں منصوبے کو عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔

سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ملیر میں بی آر ٹی بس کی نئی سڑک کا دورہ کیا۔

اس موقع پر انہیں پروجیکٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

شرجیل میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدرِ مملکت کی ہدایت ہے کہ کراچی کے شہریوں کو جدید سہولتیں دی جائیں، انڈر پاس مکمل ہوگیا ہے اور صرف بی آر ٹی کے لیے ہے، یہ پہلی بس سروس ہوگی جو بائیو گیس پر چلے گی، نگراں حکومت کی نااہلی کی وجہ سے یہ پراجیکٹ 7 ماہ بند رہا۔

ان کا کہنا ہے کہ نگراں حکومت کی نااہلی کی وجہ سے منصوبے پر کام روک دیا گیا تھا، جمہوری حکومت کے دور میں منصوبے پر کام شروع کر دیا ہے، بی آر ٹی کا منصوبہ ساڑھے 26 کلو میٹر پر محیط ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عوام کو سستے داموں سفری سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، ریڈ لائن بی آر ٹی پہلا پروجیکٹ ہے جو بائیو گیس پر ہو گا، ہم پنک ٹیکسیز بھی شروع کر رہے ہیں جو خواتین کے لیے ہوں گی، خواتین بلاخوف ان ٹیکسیز کو استعمال کر سکیں گیں۔

شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے یلو لائن بی آر ٹی پر بھی کام شروع ہو چکا ہے، کچھ مسائل کی وجہ سے یہ منصوبہ بھی تاخیر کا شکار ہوا، ہماری کوشش ہے کہ منصوبے کو وقت پر مکمل کیا جائے۔

سینئر وزیر نے کہا کہ آج پورا دن مختلف پروجیکٹس کا دورہ کروں گا، دیکھیں گے کہ کہاں کہاں عوام کو مسائل ہیں، اس منصوبے کو 2026ء میں مکمل ہونا تھا، مختلف وجوہات پر تاخیر ہوئی، وزیرِ اعلیٰ کی ہدایت ہے تمام منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ ای وی ٹیکسی پر کام کیا جا رہا ہے، ای وی ٹیکسی سروس مرد اور خواتین کے لیے الگ الگ ہو گی، محکمۂ ٹرانسپورٹ عوام کو مزید سہولتیں دینے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔

قومی خبریں سے مزید