وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کا کاروبار ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کا اجلاس ہوا۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے سمیڈا بورڈ کے غیر فعال ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور اس کی فوری تشکیل کی ہدایت کی۔
اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے موقع پر کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کا کاروبار ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملکی معیشت کےلیےانتہائی اہم اداروں کے بورڈز کی تشکیل فوری کی جائے۔
وزیراعظم نے سمیڈا کے سی ای او کی فوری تعیناتی کےلیے ضروری اقدامات کی ہدایت کی اور ساتھ ہی سمیڈا سے متعلق اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی۔
اعلامیے کے مطابق اسٹیئرنگ کمیٹی کی صدارت وزیراعظم خود کریں گے، اسٹیئرنگ کمیٹی میں نجی شعبے سے متعلقہ لوگوں کو شامل کیا جائے۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم نے صنعتوں میں سب کنٹریکٹنگ کو فروغ دینےکی ہدایت کی اور کہا کہ صنعتوں کو گلوبل سپلائی چین کا حصہ بنانے کے بھرپور اقدامات کی ضرورت ہے۔