کراچی کے علاقے گولیمار میں مذہبی جماعت کی ریلی گزرنے پر صورتحال کشیدہ ہوگئی، اس دوران فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے جبکہ مشتعل افراد نے کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی۔
پولیس کے مطابق ایک مذہبی جماعت کی ریلی گولیمار کے علاقے سے گزر رہی تھی، جہاں پہلے سے ایک مذہبی جماعت کا کیمپ لگا تھا۔
فریقین میں نعرے بازی کے بعد کشیدگی بڑھی اور پتھراؤ ہوا، جس کے بعد فائرنگ ہوئی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا اور شہریوں سے پُرامن رہنے کی اپیل کی۔
وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کو فون کر کے پولیس کو امن و امان پر فوری قابو پانے کی ہدایت کی۔