• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جلوسِ چہلم کی سیکیورٹی کیلئے عمارتوں پر اسنائپرز تعینات ہیں: کراچی پولیس چیف

کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو---فائل فوٹو
کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو---فائل فوٹو 

کراچی پولیس کے چیف، جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ چہلم کے جلوس کے اطراف کڑی نگرانی کے عمل کو بھی غیر معمولی بنایا جا رہا ہے، بلند عمارتوں پر اسنائپرز بھی تعینات ہیں، سیکیورٹی اقدامات پر عمل درآمد کے حوالے سے کوئی بھی لاپروائی ناقابلِ برداشت ہو گی۔

جاوید عالم اوڈھو نے چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی مساجد، امام بارگاہوں و دیگر مقامات پر سیکیورٹی اقدامات کو یقینی بنایا جائے، تمام ایس ایچ اوز علاقوں میں اپنی موجودگی کے تحت پیٹرولنگ، اسنیپ چیکنگ، پکٹنگ کے عمل کو مزید سخت بنائیں۔

کراچی پولیس کے چیف نے کہا ہے کہ تمام حساس و اہم تنصیبات، پبلک مقامات، سرکاری ونجی اہم عمارتوں، وغیرہ پر بھی سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھی جائے، داخلی وخارجی راستوں پر نگرانی وناکہ بندی کے تحت سرچنگ کا عمل مربوط اور مؤثر بنایا جائے۔

انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے مزید کہا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ سے تمام اہم مقامات کی سوئپنگ اور کلیئرنس کو یقینی بنایا جائے۔

کراچی پولیس کے چیف جاوید عالم اوڈھو کا کہنا ہے کہ چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر سیکیورٹی ڈیوٹی کے لیے 5099 پولیس افسران وجوانوں کو تعینات کیا گیا ہے، کراچی کے مرکزی جلوس کے روٹس سے ملنے والی سڑکوں وراستوں کو مکمل طور پر بند ہیں۔

قومی خبریں سے مزید