• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت غیر معمولی اقدامات کیلئے تیار ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی : فوٹو فائل
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی : فوٹو فائل

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ حکومت غیر معمولی حالات میں غیر معمولی اقدامات کیلئے تیار ہے۔

سینٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ سی ٹی ڈی، پولیس اور لیویز کو انسداد دہشت گردی کیلئے جدید آلات سے لیس کیا جائے گا۔

 سرفراز بگٹی کو بلوچستان میں گزشتہ شب کیے گئے حملوں پر بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعلیٰ نے سی ٹی ڈی، پولیس، لیویز اور دیگر اداروں کو سیکیورٹی کا جامع پلان مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی افسوسناک واقعہ کی صورت میں مؤثر اور فوری رد عمل دیا جائے۔

سرفراز بگٹی نے  بلوچستان کی شاہراؤں کی حفاظت کیلئےگشت بڑھانے کی ہدایت بھی کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوت سے افسوسناک واقعات میں ملوث عناصر کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ہر صورت کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ  بےگناہ اور معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ریاست کی رٹ کو ہر صورت قائم رکھا جائے گا۔

یاد رہے کہ بلوچستان کے 5 سے زیادہ علاقوں میں دہشت گردوں نے حملے کیے جن میں  37 افراد قتل کر دیے گئے۔

موسیٰ خیل میں بسوں اور ٹرکوں سے مسافروں کو اُتار کر شناخت کے بعد 23 افراد کو قتل کردیا گیا، قلات میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 10 افراد کو قتل کردیا، جاں بحق ہونے والوں ميں پولیس کا سب انسپکٹر اور چار لیویز اہلکار بھی شامل ہیں۔

قومی خبریں سے مزید