گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ایرانی تاجروں کو ایس آئی ایف سی میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ایرانی قونصل خانہ کراچی میں ایرانی تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف نے ایس آئی ایف سی کی صورت میں معاشی ترقی کا پلیٹ فارم دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک کی طرح ایرانی تاجر بھی ایس آئی ایف سی میں سرمایہ کاری کریں، پاک ایران تجارت 50 ارب ڈالر تک لے جانا ممکن ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت میں حائل رکاوٹیں دور کرلیں گے، پاکستان کو کچھ مجبوریاں درپیش ہیں مگر رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران جہاں سے چاہیں گے رستہ وہیں سے نکلے گا۔
اس موقع پر انہوں نے قونصل جنرل حسن نوریان کو پاکستان کو ایران کا تحفہ قرار دیا اور کہا کہ پاک ایران تعلقات اور تجارت کا زکر مرحوم ایرانی صدر رئیسی کے بغیر ممکن نہیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ آیت اللّٰہ خامنہ ای بھی پاک ایران تعلقات کا فروعُ، تجارت میں اضافہ چاہتے ہیں۔
اس موقع پر ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ صدر پزشکیان بھی پاکستان سمیت تمام پڑوسی ممالک سے بہتر تعلقات اور تجارت چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت ڈھائی ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے جسے جلد 10 ارب ڈالر تک پہنچایا جائے گا۔
ایرانی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ ایس آئی ایف سی میں سرمایہ کاری کی دعوت کا خیرمقدم کرتےہیں، ایس آئی ایف سی میں شرکت کی دعوت سے متعلق حکام کو آگاہ کروں گا۔