پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے کہا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کا حکومتی فیصلہ ظالمانہ اور انتہائی افسوسناک ہے۔
شازیہ مری نے کہا کہ ایسے فیصلے کرنے سے پہلے غور و فکر، بحث اور عوامی مشکلات کو سمجھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ ملک کے لوگوں کو سستی اشیائے خوردونوش فراہم کرنے کےلیے ریلیف کا کوئی اور ادارہ نہیں۔ موجودہ مہنگائی میں یوٹیلٹی اسٹورز کو بند کرنے کا فیصلہ غیر مناسب اور ظالمانہ ہے۔
شازیہ مری نے کہا کہ عوام کی ضروریات کے پیش نظر قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پچاس سال قبل یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن قائم کیا تھا۔
انکا کہنا تھا کہ اگر حکومت واقعی عوام کی خدمت کرنا چاہتی ہے تو اس فیصلے کو فوری طور پر واپس لے۔