• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹریفک پولیس کو محکمہ ٹرانسپورٹ کے ماتحت کیا جائے، پی ایم ایس آفیسر ایسوسی ایشن

پراونشل مینجمنٹ سروسز (پی ایم ایس) آفیسر ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو خط لکھ دیا۔

خط کے ذریعے پی ایم ایس آفیسر ایسوسی ایشن نے استدعا کی کہ ٹریفک پولیس کو محکمہ ٹرانسپورٹ کے ماتحت کیا جائے۔

خط میں کہا گیا کہ ترقی یافتہ دنیا میں ٹرانسپورٹ کی منصوبہ بندی اور انتظام تھری ای فارمولے کے تحت کی جاتی ہے، ابتر ٹریفک کی ایک وجہ تھری ای کا دو محکموں میں تقسیم ہونا ہے۔

پی ایم ایس آفیسر ایسوسی ایشن کے خط میں مزید کہا گیا کہ دوسری وجہ محکمہ پولیس کا موٹر کار، جیپ اور موٹر سائیکل کےلیے موٹر لائسنسنگ اتھارٹی کے اختیارات کو برقرار رکھنا ہے۔

خط میں یہ بھی کہا گیا کہ تیسرا ای یعنی نفاذ (ٹریفک قوانین اور ضوابط) غیر فطری طور پر پولیس کی نگرانی میں ہیں، اس لیے تمام ضروری تھری ایز کو ون ونڈو کے تحت بہتر بنایا جاسکتا ہے۔

خط میں استدعا کی گئی کہ موٹر کار، جیپ اور موٹر سائیکل اور ٹریفک پولیس کے اختیارات محکمہ ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانسپورٹ کو منتقل کیے جائیں۔

خط میں کہا گیا کہ ڈی آئی جی ٹریفک کو ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ کی رپورٹنگ میں رکھا جائے، ان اقدامات سے ون ونڈو آپریشن کو یقینی بنایا جا سکے گا۔

قومی خبریں سے مزید