حالیہ بارشوں نے کراچی کی سڑکوں کی تعمیر کا پول کھول کر رکھ دیا ہے، ٹوٹی ہوئی سڑکوں نے جہاں ٹریفک کو متاثر کیا وہیں کھلے گٹر بھی حادثات کا سبب بنے۔
کراچی میں اس سال بارش اتنی نہیں ہوئی کہ اربن فلڈنگ ہو، مگر نئی پرانی کئی چھوٹی بڑی سڑکوں کا معیار ایسا نکلا کہ تھوڑے سے پانی نے انہیں سفر کرنے کے قابل نہیں چھوڑا۔
شہر میں ہونے والی بارش سے گودھرا چوک سے راشد منہاس جانے والی سڑک کسی کچے کے علاقے کا منظر پیش کر رہی ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ ناقص نکاسی آب کے نظام کی وجہ سے یہاں اکثر پانی جمع ہوتا ہے۔
گارڈن پولیس ہیڈکوارٹر والی سڑک پر برساتی پانی بھی سڑک کی خستہ حالی کی کہانی سنا رہا ہے تو ایم اے جناح روڈ پر بھی برساتی پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
سڑک کی خراب صورتحال کسی ایک علاقے کی نہیں بلکہ ملیر، شاہ فیصل کالونی، نارتھ ناظم آباد، ماڈل کالونی سمیت کئی علاقوں کی یہی صورتحال ہے۔
رہائشی علاقوں کے ساتھ صنعتی علاقوں کی سڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، جنہیں دیکھ کر لگتا ہے کہ یہ بھی حکومت کی آنکھ سے اوجھل ہیں۔