• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحافیوں، میڈیا پروفیشنلز کے تحفظ کیلئے کمیشن کے قیام کا ترمیمی بل منظور

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات نے ترامیم کے ساتھ صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کے تحفظ کےلیے کمیشن کے قیام کا ترمیمی بل منظور کرلیا۔

سینیٹ کمیٹی کا اجلاس پی ٹی آئی کے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر کی زیر صدارت ہوا جس میں صحافی کی تعریف کا ایجنڈا زیر غور آیا۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ صحافی کی تعریف کیا ہو، یہ ہمارے لیے ایک مسئلہ ہے۔

کمیٹی نے صحافی کی تعریف پر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی تجاویز پیر تک طلب کرلیں اور ہدایت کی کہ مشاورت کے بعد تجاویز کمیٹی کے پاس جمع کروائی جائیں۔

دوران اجلاس سینیٹر زرقا تیمور کے متعارف کردہ 'معلومات تک رسائی' کے ترمیمی بل پر غور کیا گیا، کمیٹی نے ایک ہفتے میں اس بارے میں حتمی سفارشات طلب کرلیں۔

ہدایت کی گئی کہ سینیٹر زرقا تیمور، وزارت اطلاعات اور وزارت قانون مل کر سفارشات مرتب کریں گے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کے اجلاس میں ہتک عزت کے قوانین ایجنڈے پر زیر غور آئے۔

اس پر سینئر صحافی محمد مالک نے کہا کہ پنجاب میں منظور ہونے والے نئے قانون کے تحت ہتک عزت کے مقدمے کی تحقیقات سے قبل 30 لاکھ جمع کروانے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی بیٹ رپورٹر یا صحافی کےلیے یہ ناممکن ہے، یہ قانون ٹرائل سے قبل ہی ملزم کو مجرم ثابت کرتا ہے۔

اس پر ن لیگی سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ ایک بار پھر صوبائی قانون پر مخصوص بحث ہو رہی ہے، صوبے کے بنائے قانون کو سینیٹ کی کمیٹی ڈسکس نہیں کرسکتی، مجھے حیرت ہے محمد مالک کیوں خوفزدہ ہیں؟

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے پنجاب کے قانون پر اسلام آباد سمیت تمام صوبوں کے ایڈووکیٹ جنرلز کو طلب کرلیا۔

قومی خبریں سے مزید