• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین حوصلہ کریں، اپنے لیڈر کو رہا کروانا ہے: عالیہ حمزہ

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

پاکستان تحریکِ انصاف کی رہنما عالیہ حمزہ کا کہنا ہے کہ میری خواتین سے گزارش ہے کہ اب حوصلہ کریں، اب ہم نے اپنے لیڈر کو رہا کروانا ہے، جب بھی تحریک کا آغاز ہو گا خواتین کا ساتھ چاہیے ہو گا۔

عالیہ حمزہ نے لاہور ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ میری اور میرے لیڈر کی کوشش پاکستان کی فلاح کے لیے ہے، آج کی خواتین مردوں سے زیادہ مضبوط ہیں، 16 مہینے سے میں گھر نہیں رہی، گھر سے باہر یا عدالتوں میں رہی ہوں، میرے لیڈر نے سکھایا ہے کہ مشکل سے مشکل حالات میں بھی گھبرانا نہیں۔

عالیہ حمزہ کا کہنا ہے کہ جس طرح ہمارے لیڈر کے ساتھ سلوک کیا جا رہا ہے وہ قابل مذمت ہے، سابق وزیرِ اعظم کو ان کی سہولتیں سے محروم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی انڈر ٹرائل ہیں ایسے میں ان کو جیل میں نہیں رکھا جا سکتا۔

عالیہ حمزہ نے کہا کہ آپ ہمارے نظریے کو ہماری سوچ کو قید نہیں کر سکتے، میں کسی ایک لمحے بھی نہیں گھبرائی، اب ایک ہی مقصد ہے کہ کس طرح اس ملک کو خوش حال پاکستان بنا سکتے ہیں، ایسا پاکستان جہاں احتجاج ہڑتالیں نہ ہوں، لوگوں کو ان کا حق ملے۔

ان کا کہنا ہے کہ میں این اے 118 کی مقروض ہوں، میرے حلقے کے لوگوں نے مجھے جتوایا، میں جلد اپنے حلقے میں جاؤں گی اور سب کا شکریہ ادا کروں گی۔

عالیہ حمزہ نے یہ بھی کہا کہ لاہور میں جلسہ ہونے والا ہے، جب لاہور بدلتا ہے تو پورا پاکستان بدلتا ہے، جب مینار پاکستان پر جلسہ ہو گا تب یہ لوگ پہلے ہی اپنے گھر میں جا چکے ہوں گے۔

عالیہ حمزہ کے شوہر کی درخواست پر آج سماعت ہو گی

دوسری جانب آج لاہور ہائی کورٹ میں عالیہ حمزہ پر درج مقدمات کی تفصیلات لینے کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہو گی۔

جسٹس علی باقر نجفی عالیہ حمزہ کے شوہر کی درخواست پر سماعت کریں گے۔

عالیہ حمزہ کے شوہر نے درخواست میں  مؤقف اختیار کیا ہے کہ اہلیہ پر پنجاب میں درج مقدمات کی تفصیلات فراہم نہیں کی جا رہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت عالیہ حمزہ پر درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے۔

قومی خبریں سے مزید