• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہزاد رائے نے ہاتھ جوڑ کر عوام سے مدد طلب کر لی

--- اسکرین گریب
--- اسکرین گریب

پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے نے ہاتھ جوڑ کر عوام سے مدد طلب کر لی۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر گلوکار نے ویڈیو شیئر کی ہے جس میں ان کے ادارے زندگی ٹرسٹ کے تحت چلنے والے اسکول کی طالبات بھی ہاتھ جوڑی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں شہزاد رائے اور اسکول کی طالبات کے ہاتھ جوڑے کھڑے ہونے کے مختلف مناظر دکھائی دے رہے ہیں، جبکہ ویڈیو کے بیگ گراؤنڈ میں شہزاد رائے مدد کی اپیل کرتے ہوئے مشورہ بھی طلب کر رہے ہیں۔

ویڈیو میں گلوکار کو کہتے ہوئے سن سکتے ہیں کہ آئیے میں آپ کو بتاتا ہوں کہ میں زندگی ٹرسٹ کے تحت کراچی میں ایس ایم بی فاطمہ جناح اسکول کے ارد گرد کے اپارٹمنٹ اور یہاں کے رہائشیوں کے سامنے ہاتھ جوڑ کر کیوں کھڑا ہوں۔

شہزاد رائے کے مطابق عوام شکایت کرتے ہیں کہ حکمراں بُرے ہیں، کے ایم سی کچرا نہیں اُٹھاتی، ہمارے ملک اور شہر کو تباہ کر دیا ہے اور بالکل صحیح کہتے ہیں۔

انہوں نے ویڈیو میں اسکول کا وہ کمرہ دکھایا جہاں پہلے چرسی نشہ کرتے تھے، لیکن آج اسی کمرے میں بچیاں کانفرنس کرتی ہیں، ویڈیو میں ایک اور جگہ دکھائی جہاں پہلے قبضہ مافیا کا راج تھا لیکن آج لائبریری قائم ہے۔

اس کے بعد انہوں نے ایک آرٹ روم دکھایا اور بتایا کہ یہ آرٹ روم شہر کے نجی اور مہنگے اسکولوں کے آرٹ روم سے بڑا ہے جہاں پہلے قبضہ تھا اور لوگ شادیاں کرواتے تھے۔

گلوکار نے کہا کہ میں تمام رہائشوں کو قصور وار نہیں ٹھہراؤں گا، لیکن یہاں کے کئی رہائشیوں نے اپنی آنکھوں سے اس جگہ کو تبدیل ہوتے ہوئے دیکھا ہے اس کے باوجود وہ اپنے گھر کا کچرا ان بچیوں کے اسکول میں پھینکتے ہیں۔

انہوں نے اسکول کی بچیوں کی آواز بنتے ہوئے کہا کہ اس اسکول کی 3 ہزار بچیاں ہاتھ جوڑ کر اہلِ محلہ سے گزارش کر رہی ہیں کہ براہِ مہربانی ہمارے اسکول میں کچرا نہ پھینکیں، اسے گندا نہ کریں۔

شہزاد رائے نے کہا کہ اگر ان بچیوں کی گزارش سننے کے بعد بھی اگر لوگ یہاں کچرا پھینکتے ہیں تو شاید یہ قوم جنت میں بھی کچرا پھینکے گی۔

انسٹاگرام پوسٹ کے کیپشن میں گلوکار نے لکھا ہے کہ اب ہم کیا کریں کہ لوگ ہمارے اسکول میں کچرا نہ پھینکیں؟ کوئی مشورہ دیں؟

سوشل میڈیا پر ویڈیو پوسٹ ہونے کے بعد صارفین نے مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسکول کی دیواروں پر احادیث لکھیں جائیں ایک صارف نے مشورہ دیا کہ کچرا پھینکنے پر جرمانہ عائد کیا جائے، ایک اور صارف نے دعا کی کہ کاش لوگ آپ کی درخواست سن کر اس پر عمل کر لیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید