کراچی (اسٹاف رپورٹر) جڑواں شہروں راولپنڈی و اسلام آباد میں بارش کے باعث جمعے سے شروع ہونے والے پاک بنگلہ دیش دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کاکھیل بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا،ایک بھی گیند نہیں پھینکی جاسکی، پاکستان کرکٹ سیریز میں ایک صفر کے خسارے میں ہے، اسے سیریز بچانے کیلئے میچ میں لازمی فتح درکار ہے لیکن پہلا دن ضائع ہونے پاکستان ٹیم کو سخت نقصان پہنچ سکتا ہے۔بارش کے باعث راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی بیشتر آؤٹ فیلڈ پر پانی جمع ہوگیااور پچ کو مکمل ڈھانپ دیا گیا تھا۔پاکستان نے صف اول کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کوآرام دے کر اسپنر ابرار احمد اور فاسٹ بولر میرحمزہ کوٹیم میں شامل کیا ہے،ہفتے کو دوسرے دن بھی بارش کی پیش گوئی ہے۔ جمعے کو ٹاس نہیں ہوسکا جو ہفتے کو ہوگا۔