کراچی کے علاقے گارڈن میں 2 بچے کنویں میں گر گئے جنہیں بچانے کےلیے اندر جانے والے نوجوان سمیت دونوں بچے انتقال کرگئے۔ تینوں افراد کی لاشوں کو ریسکیو اہلکاروں کے بجائے مقامی لوگوں نے نکالا۔
علاقہ مکین کا کہنا ہے کہ کنویں سے دونوں بچوں اور ایک شخص کی لاش کو مقامی افراد نے نکالا۔ 2 مزدور بغیر آکسیجن ماسک کنویں میں داخل ہوئے، دونوں مزدوروں نے بنا کسی اجرت کے لاشیں نکالیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ریسکیو اہلکار آلات ہونے کے باوجود کنویں سے لاشیں نہیں نکال سکے۔ ریسکیو ٹیم حادثے کے کافی دیر بعد پہنچی۔ آکسیجن بھی موجود نہیں تھی، بروقت ریسکیو کیا جاتا تو بچوں کی جانیں بچائی جا سکتی تھیں۔
علاقہ مکینوں نے کہا کہ کنوئیں میں گرنے والے ایک بچے کی عمر 8 سال دوسرے کی عمر 12 سال تھی۔
بچوں کی شناخت بدر اور طلحہ کے نام سے ہوئی جبکہ کنوئیں میں اترنے والا شخص پلمبر تھا جو اندر گیا لیکن واپس نہیں آسکا، پلمبر کی شناخت فیضان کے نام سے ہوئی۔