• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعلیٰ سندھ کا کے پی ٹی سے جام صادق پل تک ایکسپریس وے بنانے کا فیصلہ

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ـــ فائل فوٹو
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ـــ فائل فوٹو

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کے پی ٹی سے جام صادق پل تک ایکسپریس وے بنانے کا فیصلہ کر لیا۔

مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ بورڈ کا 45 واں اجلاس ہوا۔

اُنہوں نے اجلاس کے دوران کراچی میں کے پی ٹی سے جام صادق پل تک ایکسپریس وے بنانے کے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایک روڈ بنایا جائے گا جو کے پی ٹی ٹرمینل، جام صادق پل اور ملیر ایکسپریس وے سے ملے گا۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے محکمۂ بلدیات کو پی پی پی یونٹ کے ساتھ منصوبے کو آخری شکل دینے کی ہدایت بھی کر دی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ این ای ڈی ٹیکنالوجی پارک پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت قائم ہو رہا ہے، سندھ حکومت پروجیکٹ کے لیے 1.7 ارب روپے مختص کر چکی ہے۔

اجلاس کے دوران وزیرِ اعلیٰ کو آگاہ کیا گیا کہ کویتی کمپنی کے ساتھ تمام کاغذی کارروائی مکمل ہو چکی ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ این ای ڈی ٹیکنالوجی پارک کی عمارت 20 منزلہ ہو گی۔

اُنہوں نے بتایا کہ2017ء کی ڈبلیو ڈبلیو ایف کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں جنگلات 6 فیصد زمین پر ہیں، کم سے کم جنگلات کا کل رقبہ 25 فیصد ہونا چاہیے، ہم ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے بری طرح متاثر ہیں، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پر محکمۂ جنگلات ایک لاکھ ہیکٹر جنگلات قائم کرے گا۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ مٹیاری اور جامشورو کے کچے کے علاقے میں جنگلات لگائے جائیں گے۔

اجلاس کے دوران وزیرِ اعلیٰ کو آگاہ کیا گیا کہ پہلے مرحلے میں 34 ہزار 995 ایکٹر پر جنگلات لگائے جائیں گے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پالیسی بورڈ نے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔

اُنہوں نے اجلاس میں ماربل سٹی منصوبہ مکمل کرنے میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کو ہر صورت فائنل کر کے شروع کریں۔

قومی خبریں سے مزید