پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار محب مرزا کا شادی شدہ لوگوں کو مشورہ ہے کہ تعلق اگر زہریلا ہوجائے تو اسے نبھانا ضروری نہیں ہے۔
محب مرزا نے حال ہی میں بی بی سی اردو کو ایک خصوصی انٹرویو دیا ہے جس میں اُنہوں ڈرامہ سیریل ’جفا‘ میں اپنے کردار کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں کہا کہ ہمارے معاشرے میں تقریباً ہر انسان کسی نہ کسی صدمے کا شکار ہوتا ہے جس کا انسان کی شخصیت پر بھی اثر پڑتا ہے اور ڈرامہ سیریل ’جفا‘ میں میرا کردار اسی حقیقت کو ظاہر کرتا ہے کہ اگر کسی صدمے کا انسان کی شخصیت پر زیادہ اثر ہو رہا ہے تو اسے تھراپی کی ضرورت ہے۔
اداکار نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ شادی کو نبھانے کی کوشش ضرور کرنی چاہیے لیکن ہر صورت شادی کو نبھانے کا دباؤ نہیں ہونا چاہیے۔
اُنہوں نے کہا کہ میں یہاں پر طلاق کو فروغ دینے کی کوشش نہیں کر رہا لیکن اگر تعلق زہریلا ہو جائے تو اسے نبھانا ضروری نہیں ہے۔
محب مرزا نے کہا کہ سائنس نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انسان مستقل اذیت بھری صورتِ حال میں رہے گا تو اسے کوئی نہ کوئی بیماری ضرور لگ جائے گی۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ اس لیے میرا خیال ہے کہ اتنی کڑواہٹ کسی کو بھی زندگی میں نہیں پالنی چاہیے۔