اسلام آباد، پشاور(این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کا خیر مقدم کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے کمیٹی کی تشکیل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹائم فریم کیساتھ مذاکرات ہونے چاہئیں۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص کہنا ہے کہ سول نافرمانی کی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ ابھی تبدیل نہیں کیا گیا، آج کی مذاکرات کے بعد سول نافرمانی تحریک کا فیصلہ عمران خان کی مشاورت سے کیا جائیگا، عمر ایوب کا کہنا ہے کہ دیکھنا ہوگا حکومت مذاکرات کو لے کر کتنی سنجیدہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق بیرسٹر گوہر نے ایک بیان میں کہا کہ ہم حکومت کی جانب سے کمیٹی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں، کمیٹی کی تشکیل خوش آئندبات ہے، حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکرات جامع اور نتیجہ خیز ہونے چاہیں۔
انہوں نے کہاکہ امید ہے کم سے کم وقت میں تمام مسائل کا نتیجہ خیز حل نکل آئے گا، دونوں کمیٹیوں میں سنجیدہ لوگ ہیں، مزاکرات آگے ضرور بڑھیں گے، پر امید ہیں کہ اب مزاکراتی عمل شروع ہونے جارہا ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہاکہ حکومت نے مذاکراتی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔
انہوں نے کہا کہ (آج) پیرکو ہماری اور حکومتی مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان ملاقات ہوگی اور اندازہ ہوجائیگا کہ حکومت مسائل کے حل کیلئے کتنی سنجیدہ ہے، ہماری کمیٹی حکومت کی سنجیدگی کا اندازہ لگائے گی، ہماری کمیٹی ملاقات کے بعد اڈیالہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی خواہش رکھتی ہے۔