• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محمود اچکزئی کی اختر مینگل سے ملاقات استعفیٰ واپس لینے کا مشورہ


اپوزیشن اتحاد کے رہنما محمود خان اچکزئی نے اختر مینگل سے ملاقات میں استعفیٰ واپس لینے کا مشورہ دے دیا۔

اپوزیشن کے گرینڈ الائنس کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہمارے ساتھ جتنی بھی جماعتیں ہیں، اُن کا مطالبہ ہے کہ آئین کی بالادستی ہو۔

انہوں نے کہا کہ خوش آئند ہے کہ پاکستان کی تمام جماعتیں آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہیں، ہم نے مناسب سمجھا کہ ساری پارٹیوں سے مشورہ کرکے آل پارٹیز کانفرنس بلائیں۔

محمود خان اچکزئی نے مزید کہا کہ اس حوالے سے ہماری کمیٹی بنائی گئی ہے، جو کل سے کام شروع کرے گی، ہمارے مطالبات نہیں مانے گئے تو ہم ملک گیر احتجاج کریں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اگر یہ آل پارٹیز کانفرنس پر مان جاتے ہیں تو ہمیں احتجاج تک نہیں جانا پڑے گا، اے پی سی کےلیے ہماری کمیٹی لوگوں سے ملے گی۔ اسد قیصر کو اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملنے کی ذمے داری سونپی گئی ہے۔

اپوزیشن رہنما نے یہ بھی کہا کہ ہم بے حس ہوگئے ہیں، بلوچستان میں کیا حالات چل رہے ہیں، ہم ہنس رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ساری پارٹیز کو فیصلہ کرنا چاہیے کہ ایور گرین خاندانوں کو اٹھا کر باہر پھینک دینا چاہیے۔

اس سے قبل تحریک تحفظ آئین پاکستان کے اجلاس میں سردار اختر مینگل خصوصی دعوت پر بھی شریک نہ ہوسکے، اُن کی جگہ بی این پی کے ساجد ترین نے پارٹی کی نمائندگی کی ۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا کہ بلوچستان کی صورتحال پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے، اختر مینگل نے مایوس ہوکر قومی اسمبلی سے استعفیٰ دیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر سیاسی لوگ ایسے مایوس ہوں گے تو اس ایوان کا کوئی فائدہ نہیں۔

قومی خبریں سے مزید