پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے کے موقع پر پارٹی رہنما اختلافات کا شکار ہیں۔
خیبر پختونخوا میں جلسے کی تیاری کیلئے ہونے والے اجلاسوں میں بھی کئی رہنماؤں کو مدعو نہیں کیا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں جنید اکبر اور شکیل خان کو صوابی میں پی ٹی آئی اجتماع میں مدعو نہیں کیا گیا، جلسے سے متعلق وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں بھی دونوں اراکین اسمبلی شریک نہیں تھے، رکن اسمبلی عاطف خان بھی اجلاس میں شریک نہیں تھے۔
ایم این اے جنید اکبر نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہمارا فوکس اسلام آباد جلسہ ہے، وزیر اعلیٰ کے پی پارٹی کے صوبائی صدر ہیں ان کے قافلے میں شریک ہوں گے۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ جلسے کے لیے عام اعلان کیا گیا تھا، صوابی اجتماع میں بھی کسی کو نظر انداز نہیں کیا گیا۔
یاد رہے کہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے کا میدان سج گیا، سنگجانی مویشی منڈی میں قائم جلسہ گاہ میں کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، جلسے کے موقع پر اسلام آباد آنے والے اہم راستے 29 مقامات پر بند ہیں۔
راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس، ریڈ لائن، گرین لائن اورنج لائن، بلیو لائن، پنک بس سروس اور فیڈر روٹس بھی بند کر دیے گئے، فیض آباد، کھنہ پُل، روات، ٹی چوک، چُنگی نمبر 26 کے راستے کنٹینرز لگاکر بند کردیے گئے۔
اسلام آباد ایکسپریس وے، مری روڈ، سواں پُل، بھارہ کہو اور ٹیکسلا سے جی ٹی روڈ سنگ جانی پوائنٹ آنے والا راستہ بھی بند ہے، مندرہ چکوال روڈ اور سوہاوہ جہلم روڈ بھی بند کردی گئی ہے۔
راولپنڈی اسلام آباد آنے جانے کے لیے شہری چھوٹے متبادل راستے استعمال کررہے ہیں، جلسے کے موقع پر اسلام آباد میں بھی سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، صبح سویرے جلسہ گاہ کے قریب تھیلے سے دستی بم برآمد ہوا، پولیس کے مطابق تھیلے میں ڈیٹونیٹر، تار اور دیگر بارودی مواد بھی موجود تھا۔