اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر عرفان میمن کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو جلسے کی جو اجازت دی گئی ہے وہ مشروط ہے، قانون کی خلاف ورزی ہوئی تو جلسے کا اجازت نامہ منسوخ کر دیا جائے گا۔
اپنے بیان میں ڈی سی عرفان میمن نے کہا کہ روٹ کی خلاف ورزی پر ایکشن لیا جائے گا، جلسے کی دی گئی اجازت مشروط ہے، کوئی خلاف ورزی کی گئی تو اجازت منسوخ کردی جائے گی، اجازت نامہ منسوخ ہونے پر جلسہ نہیں کیا جا سکے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جلسہ دیے گئے وقت کے مطابق ختم کرنا ہوگا، کوئی پاکستان مخالف نعرہ جلسے میں نہیں لگے گا، پی ٹی آئی کے ارکان نے اگر طے شدہ نکات کی خلاف ورزی کی تو ان پر سزا کا اطلاق ہوگا، اگر جلسے کے اوقات کی پابندی نہ کی گئی تو جلسے جلوس سے متعلق گزٹ نوٹیفکیشن کا اطلاق ہوجائے گا۔
عرفان میمن نے کہا کہ جلسے کے روٹ کی خلاف ورزی کی گئی تو بھی ایکشن لیا جائے گا، کل اسلام آباد جلسے کا وقت 4 سے7 بجے تک ہوگا، جو لوگ اسٹیج پر ہوں گے ان کی فہرست بھی فراہم کی جائے گی، کوئی بھی پاکستان اور ریاست مخالف نعرہ نہیں لگے گا، اگر کسی رول کی خلاف ورزی کی گئی تو ان کے خلاف ایکشن ہوگا۔