پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ سنگجانی اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کا تاریخی جلسہ ہونے والا ہے، خبر آئی ہے کہ جلسہ گاہ کی طرف آنے والی ہر سڑک کو بند کیا گیا ہے، ناکے لگائے ہیں۔
اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملک بھر سے ہمارے قافلے رواں دواں ہیں، ہم نے کل این او سی دینے پر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا تھا۔ میری درخواست ہے کہ اس پراسیس کو چلنے دیں اور پُرامن طریقے سے جلسہ ہونے دیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ جلسہ اپنے اختتام پر پُرامن طریقے سے منتشر ہوگا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے یہ بھی کہا کہ نہ دھرنا ہوگا نہ لانگ مارچ، میری سب سے درخواست ہے کہ لوگوں کو جلسہ گاہ پہنچنے دیں۔
یاد رہے کہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے کا میدان سج گیا، سنگجانی مویشی منڈی میں قائم جلسہ گاہ میں کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، جلسے کے موقع پر اسلام آباد آنے والے اہم راستے 29 مقامات پر بند ہیں۔
راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس، ریڈ لائن، گرین لائن اورنج لائن، بلیو لائن، پنک بس سروس اور فیڈر روٹس بھی بند کر دیے گئے، فیض آباد، کھنہ پُل، روات، ٹی چوک، چُنگی نمبر 26 کے راستے کنٹینرز لگاکر بند کردیے گئے۔
اسلام آباد ایکسپریس وے، مری روڈ، سواں پُل، بھارہ کہو اور ٹیکسلا سے جی ٹی روڈ سنگ جانی پوائنٹ آنے والا راستہ بھی بند ہے، مندرہ چکوال روڈ اور سوہاوہ جہلم روڈ بھی بند کردی گئی ہے۔
راولپنڈی اسلام آباد آنے جانے کے لیے شہری چھوٹے متبادل راستے استعمال کررہے ہیں، جلسے کے موقع پر اسلام آباد میں بھی سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، صبح سویرے جلسہ گاہ کے قریب تھیلے سے دستی بم برآمد ہوا، پولیس کے مطابق تھیلے میں ڈیٹونیٹر، تار اور دیگر بارودی مواد بھی موجود تھا۔