وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی کو ایک سے دو ہفتے میں خود جیل سے چھڑانے کی دھمکی دے دی۔
اسلام آباد کے قریب سنگجانی میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے خاتون صحافیوں کے حوالے سے بھی غلیظ زبان کا استعمال کیا۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ میں حریف صحافیوں کو ننگا کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ این آر او دینے والے ہار چکے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی جیل میں بیٹھ کر جیت چکا ہے۔ قوم نے خوف کا بت توڑ دیا ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے طاقت کے زور پر اپنا مینڈیٹ چوری نہیں ہونے دیا،جابر حکمران کے خلاف آواز اٹھانا جہاد ہے، ہم یہ جہاد کریں گے۔
پی ٹی آئی کے جلسے میں پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر، اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کی بھی جلسے میں شرکت کی، جبکہ جلسے میں حماد اظہر بھی منظر عام آئے اور خطاب بھی کیا۔
حماد اظہر نے خطاب میں کہا کہ پنجاب میں میدان سجنے لگا ہے، کارکن تیار رہیں۔
پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے بھی جلسے سے خطاب کیا اور کہا کہ فارم 47 والے سن لیں اس سے پہلے کہ عوام کا سمندر بہا لے جائے، بانی پی ٹی آئی کو رہا کردیں۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ، عدلیہ کو قانون سازی کی آڑ میں تباہ کرنے کی کوشش کی گئی تو سڑکوں پر نکلیں گے۔