فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے 19 ہزار میں 10 ہزار ملازمین نے ٹیکس گوشوارے جمع کرائے ہیں۔
ٹیکس جمع کرنے والے ادارے ایف بی آر کے ملازمین کے ٹیکس گوشواروں کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردی گئیں۔
وزارت خزانہ کی پیش کردہ تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کے 19 ہزار 151 ملازمین میں سے 10 ہزار 102 ملازمین نے مالی سال 2023ء میں ٹیکس گوشوارے جمع کرائے ہیں۔
وزارت خزانہ کے اعداد و شمار کے مطابق 2023ء میں گوشوارے جمع نہ کرانے والے ایف بی آر کے 9 ہزار سے زائد ملازمین میں سے 8 ہزار 503 ملازمین 6 لاکھ روپے سالانہ تنخواہ کی حد سے کم اجرت وصول کر رہے ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق ایف بی آر کے 263 افسران طویل رخصت پر ہونے کی وجہ سے ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کراسکے جبکہ محکمے میں تعینات 74 افسران پروبیشن پر ہیں، جن کی تنخواہیں ٹیکس حد سے کم ہیں۔
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران وزیر خزانہ نے کہا کہ بجٹ خسارہ پورا کرنے کے لیے مالی رقم ملکی اور غیر ملکی قرض سے پوری کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری قرض میں اضافے کی وجہ مالی خسارہ اور روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے ہوا، قرض کی شرح میں اضافہ ٹیکس میں اضافے سے زیادہ ہو تو قرض پر سود کی ادائیگیوں میں اضافہ ہوتا ہے۔